ملائیشیا کے شہر جوہر باہرو میں کھیلے گئے میچ میں انگلش ٹیم نے جارحانہ آغاز کرتے ہوئے ابتدا میں ہی برتری حاصل کی، اس دوران پاکستان ٹیم نے گول کے کئی مواقع ضائع کیے۔
مقررہ وقت تک انگلینڈ تین اور پاکستانی ٹیم دو گول کرنے میں کامیاب رہی، قومی ٹیم کی جانب سےکپتان حنان شاہد اور سفیان خان نے ایک، ایک گول کیا، جیت کے بعد انگلش ٹیم برانز میڈل جیتنے میں کامیاب رہی۔
اس سے قبل، 17 اکتوبر کو پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان دلچسپ مقابلہ بھی تین تین گول سے برابر ہو گیا تھا۔
آسٹریلیا کے خلاف میچ میں حریف ٹیم نے آغاز ہی سے پاکستان پر دباؤ برقرار رکھا اور پہلے کوارٹر کے اختتام تک کینگروز نے دو صفر کی برتری حاصل کر لی تھی۔
تاہم پاکستانی جونیئر کھلاڑیوں نے شاندار کم بیک کرتے ہوئے اگلے دو کوارٹرز میں تین گول داغ دیے، جب کہ آسٹریلوی ٹیم بھی ایک مزید گول کرنے میں کامیاب رہی۔ مقررہ وقت ختم ہونے تک دونوں ٹیموں کے تین تین گول برابر رہے، یوں میچ بے نتیجہ ختم ہوا۔
14اکتوبر کو روایتی حریف انڈیاکے خلاف بھی پاکستان کا مقابلہ تین-تین گول سے برابر رہا تھا، جو ایک اور دلچسپ اور سنسنی خیز میچ ثابت ہوا تھا۔







