نجی نشریاتی ادارے ڈان نیوز کے مطابق، ایونٹ میں مجموعی طور پر پانچ پوائنٹس حاصل کرنے کے باوجود قومی ٹیم فائنل میں رسائی حاصل کرنے میں ناکام رہی۔ آسٹریلیا کے خلاف میچ میں حریف ٹیم نے آغاز ہی سے پاکستان پر دباؤ برقرار رکھا اور پہلے کوارٹر کے اختتام تک کینگروز نے دو صفر کی برتری حاصل کر لی تھی۔

تاہم پاکستانی جونیئر کھلاڑیوں نے شاندار کم بیک کرتے ہوئے اگلے دو کوارٹرز میں تین گول داغ دیے، جب کہ آسٹریلوی ٹیم بھی ایک مزید گول کرنے میں کامیاب رہی۔ مقررہ وقت ختم ہونے تک دونوں ٹیموں کے تین تین گول برابر رہے، یوں میچ بے نتیجہ ختم ہوا۔

پاکستان کی جانب سے کپتان حنان شاہد نے دو گول کیے جب کہ سیف اللہ نے ایک گول اسکور کیا۔ قومی ٹیم اب تیسری پوزیشن کے مقابلے میں کل برطانیہ کے خلاف میدان میں اترے گی۔

اس سے قبل 14 اکتوبر کو روایتی حریف انڈیاکے خلاف بھی پاکستان کا مقابلہ تین-تین گول سے برابر رہا تھا، جو ایک اور دلچسپ اور سنسنی خیز میچ ثابت ہوا۔