تفصیلات کے مطابق سنگاپور میں جاری ایشیا کے سب سے بڑے یوتھ فٹ بال ٹورنامنٹ کے بوائز انڈر16 سیمی فائنل میں لیاری فٹ بال اکیڈمی نے انڈونیشیا کی مضبوط ٹیم ٹاپ ٹینگ ایبولا کو ایک صفر سے شکست دے کر فائنل میں جگہ بنا لی ہے۔

سیمی فائنل میں فتح پاکر سلور میڈل یقینی بنانے والی لیاری فٹ بال اکیڈمی کی ٹیم اب گولڈ میڈل کے لیے مقابلہ کرے گی۔

اس سے قبل لیاری فٹبال اکیڈمی کی ٹیم نے کوارٹر فائنل میں انڈونیشیا کی معروف ٹیم سیمین پادانگ ایف سی کو سخت مقابلے کے بعد شکست دی۔

یہ مقابلہ مقررہ وقت تک سے برابر رہا، لیکن پھر پنالٹی شوٹ آؤٹ کے ذریعے فیصلہ کیا گیا۔جس میں لیاری فٹ بال اکیڈمی نے تین دو سے فتح حاصل کی۔

سیمی فائنل میں مضبوط حریف ٹیم کے خلاف کامیابی لیاری سے تعلق رکھنے والے نو عمر کھلاڑیوں کی انتھک محنت، عمدہ ٹیم ورک کے ساتھ کوچنگ اسٹاف طارق تاج اور زبیر فیض کی بہترین حکمت عملی کا نتیجہ رہی۔

یاد رہے کہ سنگاپور میں جاری اس ٹورنامنٹ میں انڈر 8، انڈر 10، انڈر 12، انڈر 14 اور انڈر 16 کے ایونٹس میں 13 ممالک کی 160 ٹیمیں شریک ہیں۔

9 نومبر تک جاری رہنے والے اس 15 ویں ایڈیشن میں پہلی مرتبہ پیرا فٹ بال کے مقابلے بھی شامل کیے گئے ہیں۔