انڈین کرکٹ ٹیم کےکپتان سوریا کمار یادیو نے ایشیا کپ میں پاکستان کے خلاف آئندہ ہونے والے میچ میں پاکستانی کھلاڑیوں سے مصافحہ کرنے کے سوال پر بات ٹال گئے۔

ابوظبی میں پریس کانفرنس کے دوران انڈین کرکٹ ٹیم کےکپتان سوریا کمار یادیو کا کہنا تھا کہ پاکستان کے خلاف میچ میں بیٹ اور گیند کا اچھا مقابلہ ہوگا اور ہر گیم نیا چیلنج ہوتا ہے۔

ایک صحافی نے سوریا کمار یادیو سے سوال کیا کہ کیا اگلے میچ میں بھی انڈین ٹیم وہی کرے گی جیسا پچھلے میچ میں کیا تھا؟

اس پر انڈین کپتان اس سوال کو ہنستے ہوئے یہ کہہ کر ٹال گئے کہ اوہ اچھا آپ بولنگ کی بات کررہے ہیں، ہم نے بولنگ اچھی کی تھی۔

سوریا کمار یادیو کا کہنا تھا کہ پاکستان اور انڈیا کی رقابت کا کچھ نہیں کہہ سکتے، جب اسٹیڈیم شائقین سے بھر جاتا ہے تو وہ اچھی کرکٹ کھیلنے کا سوچتے ہیں۔

Featured image (4)
انڈین کپتان سوریا کمار نے ٹاس کے موقع پر پاکستان کے کپتان سے ہاتھ نہ ملایا تھا۔ (فوٹو فائل)

ان کا مزید کہنا تھا کہ آئندہ میچ میں بھی بال اور بیٹ کا اچھا مقابلہ ہوگا، ہرگیم نیا چیلج ہوتا ہے، انہیں دوبارہ شروع سے آغاز کرنا ہوگا اور جو ٹیم بہتر کھیلےگی وہ جیتےگی۔

یاد رہے کہ گزشتہ اتوار 14 ستمبر کو دبئی انٹرنیشنل کرکٹ اسٹیڈیم میں پاکستان اور انڈیا کے درمیان ایشیا کپ کا اہم میچ کھیلا گیا جس میں انڈین ٹیم نے اسپورٹس مین اسپرٹ کو مکمل طور پر نظر انداز کیا تھا۔

یہ بھی پڑھیں : ساف انڈر-17 فٹبال چیمپئن شپ: پاکستان نے مالدیپ کو شکست دے کر سیمی فائنل میں جگہ بنا لی

پاکستان کے خلاف اس میچ میں انڈیا کو سات وکٹوں سے کامیابی حاصل ہوئی  تھی لیکن انڈین کپتان سوریا کمار نے ٹاس کے موقع پر پاکستان کے کپتان سے ہاتھ نہ ملایا جب کہ انڈین ٹیم نے میچ ختم ہونے کے بعد پاکستانی کھلاڑیوں سے روایت کے مطابق ہاتھ نہ ملاکر اسپورٹس مین اسپرٹ کی دھجیاں اڑائیں تھیں۔

واضح رہے کہ سپر فور مرحلے کا پہلا میچ آج دبئی میں سری لنکا اور بنگلادیش کے مابین کھیلے جائے گا اسی مقام پر کل پاکستان اور انڈیا کی ٹیمیں بھی ٹکرائیں گی۔