سپر ایٹ مرحلے کے لیے ٹیموں کو دو گروپس میں تقسیم کیا گیا ہے۔ گروپ ون میں انڈیا، جنوبی افریقہ، ویسٹ انڈیز اور زمبابوے شامل ہیں، جب کہ گروپ ٹو میں پاکستان، انگلینڈ، نیوزی لینڈ اور سری لنکا شامل ہیں۔
پاکستان نے اپنے آخری گروپ میچ میں نمیبیا کو شکست دے کر سپر ایٹ مرحلے میں رسائی حاصل کی۔ اب پاکستان اپنے گروپ میں شامل تین ٹیموں کے خلاف اہم میچز کھیلے گا۔ پاکستان سپر ایٹ مرحلے کا باقاعدہ آغاز 21 فروری کو نیوزی لینڈ کے خلاف کرے گا، جب کہ 24 فروری کو انگلینڈ اور 28 فروری کو سری لنکا کے مدمقابل آئے گا۔
گروپ ون میں انڈیا اپنا پہلا میچ 22 فروری کو جنوبی افریقہ کے خلاف کھیلے گا۔ اس کے بعد 26 فروری کو زمبابوے اور یکم مارچ کو ویسٹ انڈیز کے ساتھ اس کا مقابلہ ہوگا۔ جنوبی افریقہ بھی 22 فروری کو انڈیا کے خلاف میدان میں اترے گا، جب کہ 26 فروری کو ویسٹ انڈیز اور یکم مارچ کو زمبابوے سے ٹکرائے گا۔
یہ بھی پڑھیں: پاکستان نے نمیبیا کو 102 رنز سے شکست دے کر سپر ایٹ مرحلے تک رسائی حاصل کر لی
ویسٹ انڈیز اپنا پہلا میچ 23 فروری کو زمبابوے کے خلاف کھیلے گی۔ اس کے بعد 26 فروری کو انڈیا اور یکم مارچ کو جنوبی افریقہ کے ساتھ اس کا مقابلہ شیڈول ہے۔ زمبابوے کی ٹیم 23 فروری کو ویسٹ انڈیز، 26 فروری کو انڈیا اور یکم مارچ کو جنوبی افریقہ کے خلاف میدان میں اترے گی۔
گروپ ٹو میں نیوزی لینڈ کا پہلا میچ 21 فروری کو پاکستان کے خلاف ہوگا۔ اس کے بعد وہ 25 فروری کو سری لنکا اور 27 فروری کو انگلینڈ کے خلاف مدمقابل آئے گی۔ انگلینڈ اپنی مہم کا آغاز 22 فروری کو سری لنکا کے خلاف کرے گا، 24 فروری کو پاکستان اور 27 فروری کو نیوزی لینڈ سے مقابلہ کرے گا۔
سری لنکا گروپ ٹو میں اپنا پہلا میچ 22 فروری کو انگلینڈ کے خلاف کھیلے گا، اس کے بعد 25 فروری کو نیوزی لینڈ اور 28 فروری کو پاکستان کے خلاف میدان میں اترے گا۔
واضح رہے کہ اس مرحلے کے اختتام پر چار بہترین ٹیمیں سیمی فائنل کے لیے کوالیفائی کریں گی، جب کہ باقی ٹیموں کا سفر یہیں ختم ہو جائے گا۔






