تفصیلات کے مطابق سری لنکن کرکٹ ٹیم کے مینجر کا کہنا تھا کہ ٹیم سیریزچھوڑ کر واپس جا رہی ہے، ٹیم کے کھلاڑی واپس جانا چاہتے ہیں۔

ذرائع کے مطابق وزیر داخلہ سری لنکن کرکٹ ٹیم سے کچھ ہی دیر میں ملاقات کرنے جائیں گے اور ٹیم کو سیکیورٹی پر بریفنگ دی جائے گئے۔

ذرائع سری لنکن کرکٹ ٹیم کے مطابق آٹھ کھلاڑی کل وطن واپس روانہ ہو سکتے ہیں، جس کے نتیجے میں کل ہونے والا میچ متاثر ہو سکتا ہے۔

ذرائع کے مطابق پاکستان، سری لنکا اور زمبابوے ٹرائی سیریز بھی ری شیڈول ہونے کا امکان ہے۔

ذرائع کے مطابق پی سی بی مسلسل سری لنکن کھلاڑیوں اور بورڈ سے رابطے میں ہے، جب کہ سیریز ملتوی ہونے سے متعلق تاحال حتمی فیصلہ نہیں ہوسکا۔

سری لنکن کھلاڑیوں کا بڑا گروپ بشمول کوچنگ اسٹاف رکنے کا ارادہ رکھتے ہیں، جب کہ متبادل کھلاڑیوں کو طلب کرنے کا آپشن بھی زیر غور ہے۔

اس سے قبل پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق، وفاقی وزیرِ داخلہ و چیئرمین پی سی بی محسن نقوی سے سری لنکا کے ہائی کمشنر رئیر ایڈمرل (ر) فریڈ سینے ویراتنے نے ملاقات کی تھی۔

ملاقات کے دوران سری لنکن ٹیم کو فراہم کی گئی سیکیورٹی پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ ہائی کمشنر نے مجموعی سیکیورٹی انتظامات پر اطمینان کا اظہار کیا۔

محسن نقوی نے سری لنکن ہائی کمشنر اور ٹیم منیجر کو مکمل فول پروف سیکیورٹی کی یقین دہانی کرائی، جس کے بعد سری لنکن کرکٹ بورڈ نے اپنے کھلاڑیوں کو دورہ پاکستان جاری رکھنے کی ہدایت دے دی۔

سری لنکن ہائی کمشنر نے اسلام آباد میں ہونے والے دہشت گرد حملے میں قیمتی جانوں کے ضیاع پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا۔

محسن نقوی کا کہنا تھا کہ سری لنکا کے کھلاڑی ہمارے اسٹیٹ گیسٹ ہیں، ان کی فول پروف سیکیورٹی حکومت کی اولین ترجیح ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ مہمان ٹیم کو محفوظ اور پُرامن ماحول فراہم کرنے کے لیے تمام ضروری اقدامات کیے جا چکے ہیں۔

واضح رہے کہ پاکستان اور سری لنکا کے درمیان تین میچوں پر مشتمل ایک روزہ سیریز کا دوسرا میچ کل راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا۔

یاد رہے کہ گزشتہ روز اسلام آباد کے علاقے جی الیون میں کچہری کے باہر پولیس کی گاڑی پر خودکش حملے کے نتیجے میں 12 افراد شہید اور 27 زخمی ہوئے تھے۔

 یہ واقعہ ایسے وقت پیش آیا جب اسلام آباد میں بین الاقوامی نوعیت کے اہم پروگرام جاری تھے، جن میں انٹر پارلیمانی اسپیکرز کانفرنس اور چھٹا مارگلہ ڈائیلاگ شامل تھے، جب کہ اسی دوران راولپنڈی میں پاکستان اور سری لنکا کے درمیان ایک روزہ سیریز کا پہلا میچ بھی جاری تھا۔