اسلام آباد کے لیاقت جمنازیم، پاکستان اسپورٹس کمپلیکس میں شروع ہونے والی چھ ملکی چیمپئن شپ میں پاکستان، بنگلہ دیش، قازقستان، نیپال، سری لنکا اور ازبکستان کی ٹیمیں ٹائٹل کے لیے مدمقابل ہیں۔

پاکستان والی بال فیڈریشن کے زیر اہتمام منعقدہ ایونٹ کی افتتاحی تقریب کے مہمانِ خصوصی وفاقی سیکرٹری بین الصوبائی رابطہ محی الدین احمد وانی تھے، جنہوں نے چیمپئن شپ کا باضابطہ افتتاح کیا، جبکہ پاکستان والی بال فیڈریشن کے چیئرمین چوہدری محمد یعقوب اور صدر سہیل خاور میر نے مہمانوں اور غیر ملکی وفود کا خیرمقدم کیا۔

افتتاحی روز کھیلے گئے پہلے میچ میں قازقستان نے پانچ سیٹوں پر مشتمل سخت مقابلے کے بعد نیپال کو 3-2 سے شکست دی۔ میچ کا اسکور 25-19، 25-21، 32-34، 19-25 اور 15-9 رہا۔

دوسرے سنسنی خیز مقابلے میں بنگلہ دیش نے ازبکستان کو 3-2 سے ہرایا۔ بنگلہ دیش کی فتح کا اسکور 25-20، 26-28، 26-24، 21-25 اور 15-12 رہا۔

دن کے تیسرے اور آخری میچ میں میزبان پاکستان نے شاندار آل راؤنڈ کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے سری لنکا کو یکطرفہ مقابلے کے بعد 3-0 سے شکست دی۔ قومی ٹیم نے 25-16، 25-15 اور 25-18 سے کامیابی حاصل کرتے ہوئے ایونٹ کا فاتحانہ آغاز کیا۔

پاکستان والی بال فیڈریشن کی قیادت نے قومی ٹیم کو شاندار فتح پر مبارکباد دیتے ہوئے آئندہ میچز کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔

ٹورنامنٹ میں آج سری لنکا کا مقابلہ نیپال، ازبکستان کا قازقستان جبکہ پاکستان کا سامنا بنگلہ دیش سے ہوگا۔