ایشیا کپ میں ناقص پرفارمنس کے باعث ٹیم انتظامیہ نے صائم ایوب کا بیٹنگ آرڈر تبدیل کرتے ہوئے انہیں دوسرے نمبر پر بھیجا، لیکن وہ اس پوزیشن پر بھی خود کو منوانے میں ناکام رہے۔
دبئی اسٹیڈیم میں سپر فور مرحلے میں بنگلہ دیش کے خلاف میچ کے دوران وہ صاحبزادہ فرحان کے بعد کریز پر آئے اور بغیر کوئی رن بنائے پویلین لوٹ گئے۔ یہ رواں ٹورنامنٹ میں ان کا چوتھا صفر تھا۔
صائم ایوب نے ایشیا کپ کے آغاز میں عمان،انڈیا اور متحدہ عرب امارات کے خلاف مسلسل صفر پر آؤٹ ہو کر ہیٹ ٹرک مکمل کی تھی۔
انڈیا کے خلاف سپر فور مرحلے میں انہوں نے 21 رنز بنائے تھے، جب کہ سری لنکا کے خلاف محض دو رنز ہی بنا سکے۔ اب بنگلہ دیش کے خلاف ایک اور صفر کے بعد وہ 2025 میں مجموعی طور پر چھ مرتبہ صفر پر آؤٹ ہو چکے ہیں، جو ٹی20 کرکٹ میں ایک سال میں سب سے زیادہ صفر پر آؤٹ ہونے کے عالمی ریکارڈ کے برابر ہے۔
اس سے قبل یہ ریکارڈ زمبابوے کے رچرڈ نگاراوا نے 2024 میں بنایا تھا، جب وہ چھ مرتبہ بغیر کوئی رن بنائے آؤٹ ہوئے۔
اس فہرست میں زمبابوے کے ہی بلیسنگ مزاربانی اور انڈیا کے سنجو سیمسن بھی شامل ہیں، جو پانچ، پانچ مرتبہ صفر پر آؤٹ ہو چکے ہیں، جب کہ زمبابوے کے ریگس چیکابوا نے بھی 2022 میں یہی کارکردگی دکھائی تھی۔
صائم ایوب نے 2025 میں ایشیا کپ سے پہلے بھی دو مرتبہ صفر پر آؤٹ ہونے کا سامنا کیا تھا۔ 28 مئی کو لاہور میں بنگلہ دیش کے خلاف اور پھر دو ستمبر کو سہ فریقی سیریز میں افغانستان کے خلاف وہ بغیر کھاتہ کھولے آؤٹ ہوئے تھے۔
یہ بھی پڑھیں : ایشیا کپ سپر فور مرحلہ: عصاب شکن مقابلے میں پاکستان نے بنگلہ دیش کو شکست دے دی
پاکستان کی جانب سے ٹی20 کرکٹ میں سب سے زیادہ مرتبہ صفر پر آؤٹ ہونے کا ریکارڈ عمر اکمل کے پاس ہے، جو 10 مرتبہ بغیر کوئی رن بنائے پویلین لوٹ چکے ہیں۔
صائم ایوب اب نو صفر کے ساتھ دوسرے نمبر پر آ چکے ہیں، اور اگر ان کی فارم میں بہتری نہ آئی تو وہ جلد یہ ناپسندیدہ ریکارڈ اپنے نام کر سکتے ہیں۔







