چنئی میں کھیلے گئے اس میچ میں زمبابوے نے ٹاس جیت کر انڈیا کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی تو بھارتی بیٹرز نے زمبابوے کے بولرز کا بھرکس نکال دیا۔ چوکے چھکوں کی برسات کرتے ہوئے انہوں نے رواں ایونٹ کا سب سے بڑا اور ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کی تاریخ کا دوسرا بڑا اسکور بنا ڈالا۔

انڈیا نے مقررہ 20 اوورز میں چار وکٹوں کے نقصان پر 256 رنز کا پہاڑ کھڑا کر دیا۔ انڈین  بیٹرز نے اننگز میں مجموعی طور پر 17 چھکے جڑے۔

انڈیا کی جانب سے سنجو سیمسن نے 24، ابھیشیک شرما نے 55، ایشان کشن نے 38 اور کپتان سوریا کمار یادیو نے 33 رنز اسکور کیے۔ اختتامی اوورز میں ہاردک پانڈیا اور تلک ورما نے زمبابوے کے بولرز پر تابڑ توڑ وار کیے۔ پانڈیا نے 23 گیندوں پر 53 اور تلک ورما نے 16 گیندوں پر 44 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ اننگز کھیلی۔

انڈیا کے 256 رنز ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کی تاریخ کا دوسرا بڑا اسکور ہے۔ اس سے قبل 2007 میں سری لنکا نے کینیا کے خلاف 260 رنز بنائے تھے۔ اس کے علاوہ یہ ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ 2026 کا اب تک کا سب سے بڑا اسکور بھی ہے۔ گزشتہ دنوں ویسٹ انڈیز نے زمبابوے کے خلاف ہی 254 رنز اسکور کیے تھے۔ یہ انڈیا کا ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ میں کسی بھی ٹیم کے خلاف سب سے بڑا اسکور ہے۔

دوسری جانب 257 رنز کے ہدف کے تعاقب میں زمبابوے نے مقررہ 20 اوورز میں چھ وکٹوں کے نقصان پر 184 رنز بنائے۔ زمبابوے کی جانب سے اوپنر برائن بینیٹ نے 97 رنز کی ناقابلِ شکست اننگز کھیلی، جبکہ کپتان سکندر رضا نے 31 رنز اسکور کیے۔

انڈیا کی طرف سے ارشدیب سنگھ نے تین وکٹیں حاصل کیں۔

واضح رہے کہ انڈیا کے ہاتھوں شکست کے بعد زمبابوے کی ٹیم سیمی فائنل کی دوڑ سے باہر ہو گئی ہے۔ سپر ایٹ کے گروپ ون سے جنوبی افریقا سیمی فائنل کے لیے کوالیفائی کر چکا ہے۔

اس گروپ سے دوسری سیمی فائنلسٹ ٹیم کا فیصلہ اتوار کو ویسٹ انڈیز اور انڈیا کے درمیان ہونے والے میچ کے بعد ہوگا۔ جو ٹیم یہ میچ جیتے گی وہ اگلے مرحلے میں جگہ بنا لے گی۔

واضح رہے کہ زمبابوے سپر ایٹ مرحلے کا اپنا آخری میچ جنوبی افریقا کے خلاف کھیلے گا۔