احمد آباد میں کھیلے گئے میچ میں نیوزی لینڈ نے 256 رنز کے تعاقب میں 19 اوورز میں 159 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی۔

کیویز کی جانب سے ٹم سائیفرٹ 52 رنز بنا کر نمایاں رہے۔ کپتان مچل سینٹنر 43، ڈیرل مچل 17، فن ایلن 9، جمی نیشم 8، گلین فلپس 5، جیکب ڈفی 3، مارک چیپمین 3، رچن رویندرا 1 اور میٹ ہنری صفر رنز پر آؤٹ ہوئے۔

انڈیا کی جانب سے جسپریت بمراہ نے چار، جبکہ اکشر پٹیل نے تین کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ علاوہ ازیں ابھیشیک شرما، ہاردیک پانڈیا اور ورون چکرورتی نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔

اس سے قبل فائنل میچ میں نیوزی لینڈ نے ٹاس جیت کر پہلے بولنگ کرنے کا فیصلہ کیا۔

انڈیا نے سنجو سیمسن، ایشان کشن اور ابھیشیک شرما کی شاندار بیٹنگ کی بدولت پہلے کھیلتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر 255 رنز بنائے۔

سنجو سیمسن نے 46 گیندوں پر 89 رنز کی جارحانہ اننگز کھیلی، جب کہ ایشان کشن نے 24 گیندوں پر 54 اور ابھیشیک شرما نے 21 گیندوں پر 52 رنز اسکور کیے۔ شیوَم دوبے 8 گیندوں پر 26 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔

نیوزی لینڈ کی جانب سے جمی نیشم نے تین کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا، جب کہ میٹ ہنری اور رچن رویندرا نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔

واضح رہے کہ انڈیا اس سے قبل دو بار ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ جیت چکا ہے، جب کہ نیوزی لینڈ 2021 میں پہلی بار فائنل تک پہنچا تھا، جہاں اسے آسٹریلیا کے ہاتھوں شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔

فائنل کے لیے انڈین اسکواڈ میں سنجو سیمسن، ابھیشیک شرما، ایشان کشن (وکٹ کیپر)، سوریا کمار یادو (کپتان)، ہاردک پانڈیا، تلک ورما، اکشر پٹیل، شیوم دوبے، ارشدیپ سنگھ، ورون چکرورتی اور جسپریت بمراہ شامل ہیں۔

دوسری جانب نیوزی لینڈ کی پلیئنگ الیون میں فن ایلن، ٹم سیفرٹ (وکٹ کیپر)، رچن رویندرا، گلین فلپس، مارک چیپمین، ڈیرل مچل، مچل سینٹنر (کپتان)، جمی نیشم، میٹ ہنری، جیکب ڈفی اور لوکی فرگوسن شامل ہیں۔

انڈیا اور نیوزی لینڈ کے درمیان آج ہونے والے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ فائنل کے ٹکٹوں کی قیمتیں بلیک مارکیٹ میں آسمان کو چھونے لگیں۔ احمد آباد میں بڑے مقابلے سے قبل طلب میں اضافے کے باعث شائقین اصل قیمت سے تقریباً 15 گنا زیادہ رقم ادا کرنے پر مجبور ہیں۔

غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق دو ہزار انڈین روپے سے شروع ہونے والے آفیشل ٹکٹس ’بک مائی شو‘ پر چند ہی منٹوں میں فروخت ہو گئے، جس کے بعد ہزاروں شائقین نے دیگر ذرائع کا رخ کرنا شروع کر دیا۔ 3500 روپے کا ٹکٹ اب بلیک مارکیٹ میں تقریباً 54 ہزار روپے تک میں فروخت ہو رہا ہے۔

رپورٹس کے مطابق ذخیرہ اندوزوں نے ری سیل مارکیٹ پر کنٹرول حاصل کر لیا ہے اور ٹکٹس کی قیمتیں اصل نرخ سے کہیں زیادہ بڑھا دی ہیں، جب کہ شائقین دنیا کے سب سے بڑے کرکٹ اسٹیڈیم میں انڈین ٹیم کو بیک ٹو بیک ٹائٹل کے لیے کھیلتے دیکھنے کے خواہاں ہیں۔

ادھر گجرات کرکٹ ایسوسی ایشن (جی سی اے) کا کہنا ہے کہ اسٹیڈیم کے باہر ہونے والی سرگرمیوں سے اس کا کوئی تعلق نہیں۔

حکام کے مطابق ٹکٹوں کی فروخت صرف ’بک مائی شو‘ ایپ کے ذریعے کی جاتی ہے اور کرکٹ ایسوسی ایشن کسی بھی قسم کے فزیکل ٹکٹس فروخت نہیں کرتی۔