میلبورن کرکٹ گراؤنڈ میں کھیلے گئے میچ میں آسٹریلوی ٹیم نے چھ وکٹوں کے نقصان پر چالیس گیند ہدف حاصل کیا۔

کپتان مچل مارش نے دھواں دار بلے بازی کرتے ہوئے 26 گیندوں پر 46 رنز بنائے، جب کہ ٹریوس ہیڈ کے ساتھ 51 رنز کی ابتدائی شراکت قائم کی۔آسٹریلیا نے 40 گیند قبل  ہی ہدف حاصل کر لیا۔

اس سے قبل مچل مارش نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیااور ہیزل ووڈ نے پہلی ہی گیند پر شبمن گل کو ایل بی ڈبلیو آؤٹ کر کے انڈیا کو دباؤ میں ڈال دیا۔

بعد ازاں ہیزل ووڈ نے سوریا کمار یادیو اور تلک ورما کو بھی جلد پویلین بھیج دیا، جس کے بعد انڈین  بیٹنگ لائن ریت کی دیوار ثابت ہوئی۔

انڈیا کی پوری ٹیم 19 اوورز میں 125 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی تھی، انڈیا کی جانب سے ابھیشیک شرما واحد نمایاں بلے باز رہے جنہوں نے 37 گیندوں پر 68 رنز کی شاندار اننگز کھیلی۔

ان کے علاوہ ہرشیت رانا 35 بنا کر آؤٹ ہوئے، باقی پوری ٹیم میں سے کوئی بھی کھلاڑی ڈبل فگر میں داخل نہیں ہو سکا۔

واضح رہے کہ سیریز کا پہلا میچ کینبرا میں بارش کے باعث متاثر ہوا تھا۔ سیریز کا تیسرا میچ اتوار کو ہوبارٹ میں کھیلا جائے گا۔