کولمبو میں کھیلے گئے گروپ اے کے میچ میں امریکی ٹیم نے ٹاس جیت کر پاکستان کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی۔ پاکستان نے مقررہ 20 اوورز میں نو وکٹوں کے نقصان پر 190 رنز اسکور کیے۔

پاکستان کی جانب سے صاحبزادہ فرحان نمایاں رہے، جنہوں نے 73 رنز کی شاندار اننگز کھیلتے ہوئے اپنے بین الاقوامی ٹی ٹوئنٹی کیریئر میں ایک ہزار رنز کا سنگِ میل عبور کیا۔

اننگز کا آغاز صائم ایوب اور صاحبزادہ فرحان نے کیا، جنہوں نے ٹیم کو مضبوط آغاز فراہم کیا، تاہم صائم ایوب صرف 19 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے۔ اس کے بعد صاحبزادہ فرحان نے ذمہ دارانہ اور جارحانہ بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے اسکور کو آگے بڑھایا۔

دیگر کھلاڑیوں میں بابر اعظم نے 46 رنز کی اہم اننگز کھیل کر ٹیم کی حوصلہ افزائی کی۔ صائم ایوب کے آؤٹ ہونے کے بعد کپتان سلمان علی آغا بیٹنگ کے لیے آئے، لیکن وہ صرف ایک رن بنا کر آؤٹ ہوئے۔ شاداب خان نے آخری اوورز میں 12 گیندوں پر 30 رنز کی تیز رفتار اننگز کھیل کر پاکستان کو ایک مضبوط مجموعہ بنانے میں مدد دی۔

امریکا کی جانب سے شیڈلی وین شالک وِک نے شاندار بولنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے چار وکٹیں حاصل کیں۔

ہدف کے تعاقب میں امریکی ٹیم مقررہ 20 اوورز میں آٹھ وکٹوں کے نقصان پر صرف 158 رنز ہی بنا سکی اور یوں پاکستان نے 32 رنز سے کامیابی حاصل کر کے ٹورنامنٹ میں اپنی پوزیشن مستحکم کر لی۔

یہ بھی پڑھیں: ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ: نیوزی لینڈ نے یو اے ای کو 10 وکٹوں سے شکست دے دی

امریکی ٹیم کی جانب سے شایان جہانگیر نے 49 اور شبھم رانجانے نے 51 رنز کی عمدہ اننگز کھیلیں، تاہم پاکستانی بولرز نے مجموعی طور پر شاندار کارکردگی دکھائی۔ عثمان طارق نے تین، شاداب خان نے دو، جب کہ ابرار احمد، شاہین آفریدی اور محمد نواز نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔

واضح رہے کہ امریکا کے خلاف میچ کے لیے پاکستان ٹیم میں ایک تبدیلی کی گئی تھی، عثمان طارق کو سلمان مرزا کی جگہ شامل کیا گیاتھا۔

پاکستان کی ٹیم میں صاحبزادہ فرحان، صائم ایوب، بابر اعظم، سلمان آغا، عثمان خان، شاداب خان، محمد نواز، فہیم اشرف، شاہین آفریدی، عثمان طارق اور ابرار احمد شامل تھے۔

یاد رہے کہ پاکستان نے اپنے پہلے میچ میں نیدرلینڈز کو سنسنی خیز مقابلے کے بعد تین وکٹوں سے شکست دی تھی، جبکہ امریکا کو اپنے پہلے میچ میں بھارت کے ہاتھوں شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔