ممبئی میں کھیلے گئے گروپ سی کے میچ میں انگلینڈ نے ٹاس جیت کر ویسٹ انڈیز کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی۔
ویسٹ انڈیز نے مقررہ 20 اوورز میں چھ وکٹوں کے نقصان پر 196 رنز بنائے۔ اس مجموعے میں ردفورڈ کی جارحانہ اننگز کلیدی ثابت ہوئی، جنہوں نے 42 گیندوں پر 76 رنز کی ناقابلِ شکست اننگز کھیلی۔ جیسن ہولڈر نے 33، روسٹن چیز نے 34 اور شمرون ہٹ مائر نے 23 رنز اسکور کیے۔
انگلینڈ کی جانب سے جیمی اوورٹن اور عادل رشید نے دو، دو وکٹیں حاصل کیں۔
197 رنز کے ہدف کے تعاقب میں انگلش ٹیم 19 اوورز میں 166 رنز بنا کر آل آؤٹ ہوگئی۔ سیم کرن 43 رنز کے ساتھ نمایاں بیٹر رہے، جب کہ فل سالٹ نے 30، جیکب بیتھل نے 33 اور کپتان جوس بٹلر نے 21 رنز بنائے۔
یہ بھی پڑھیں: ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ: جنوبی افریقہ نے سنسنی خیز مقابلے کے بعد سپر اوور میں افغانستان کو شکست دے دی
ویسٹ انڈیز کی جانب سے گڈاکیش موتی نے تین اور روسٹن چیز نے دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ اس فتح کے ساتھ ویسٹ انڈیز نے ایونٹ میں مسلسل دوسری کامیابی اپنے نام کر لی۔
یاد رہے کہ ویسٹ انڈیز نے اپنے پہلے میچ میں اسکاٹ لینڈ کو شکست دی تھی۔






