بارش کے باعث میچ تاخیر سے شروع ہوا اور اسے 12، 12 اوورز تک محدود کر دیا گیا۔ پاکستان نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا۔ میزبان سری لنکا نے مقررہ 12 اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 160 رنز بنائے۔

سری لنکا کی جانب سے کپتان داسن شناکا نے شاندار جارحانہ بیٹنگ کرتے ہوئے 9 گیندوں پر 5 چھکوں کی مدد سے 34 رنز بنائے۔ کوسل مینڈس نے 30، دھننجایا ڈی سلوا نے 22، چریتھ اسالنکا نے 21 اور کامل مشرا نے 20 رنز اسکور کیے۔

پاکستان کی جانب سے محمد وسیم جونیئر نے 3 وکٹیں حاصل کیں، تاہم انہوں نے اپنے 3 اوورز میں 54 رنز دیے۔ محمد نواز، فہیم اشرف اور نسیم شاہ نے ایک، ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔

161 رنز کے ہدف کے تعاقب میں پاکستان کا آغاز مایوس کن رہا اور اوپنر صاحبزادہ فرحان 9 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئے۔ بعد ازاں صائم ایوب اور کپتان سلمان آغا کے درمیان شراکت قائم ہوئی، تاہم صائم ایوب 6 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئے۔

کپتان سلمان آغا نے شاندار جارحانہ اننگ کھیلتے ہوئے 12 گیندوں پر 45 رنز بنائے، جس میں 5 چوکے اور 3 چھکے شامل تھے۔ خواجہ نافع نے 26 اور محمد نواز نے 28 رنز بنا کر مزاحمت کی، مگر ٹیم کو فتح نہ دلا سکی۔

واضح رہے کہ سیریز کا پہلا میچ پاکستان نے جیتا تھا، جبکہ دوسرا میچ بارش کی نذر ہو گیا تھا۔ آخری میچ میں فتح کے بعد سری لنکا نے سیریز 1-1 سے برابر کر دی۔