میچ میں افغانستان کے کپتان راشد خان نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔ افغان ٹیم نے مقررہ 20 اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 182 رنز اسکور کیے۔

گلبدین نائب نے جارحانہ بیٹنگ کرتے ہوئے 35 گیندوں پر 63 رنز کی شاندار اننگز کھیلی۔ صدیق اللہ اٹل 29، رحمان اللہ گرباز 27 اور درویش رسولی 20 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے، جب کہ عظمت اللہ عمرزئی 14 رنز بنا کر رن آؤٹ ہوئے۔ محمد نبی 10 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے۔

نیوزی لینڈ کی جانب سے لوکی فرگوسن اور جیکب ڈفی نے دو، جبکہ میٹ ہینری اور رچن رویندرا نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔

183 رنز کے ہدف کے تعاقب میں کیوی ٹیم نے 18ویں اوور میں 5 وکٹوں کے نقصان پر ہدف حاصل کر لیا۔ ٹم سیفرٹ نے 65 اور گلین فلپس نے 42 رنز کی عمدہ اننگز کھیل کر ٹیم کی فتح میں فیصلہ کن کردار ادا کیا۔

مارک چیپمین 28 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے، جب کہ فن ایلن ایک رن اور رچن رویندرا صفر پر پویلین لوٹ گئے۔ ڈیرل مچل 25 اور کپتان مچل سینٹنر 17 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔

افغانستان کی جانب سے مجیب الرحمان نے 2، جب کہ عظمت اللہ عمرزئی، راشد خان اور محمد نبی نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔

یہ بھی پڑھیں: ٹی20 ورلڈ کپ: پاکستان کا فاتحانہ آغاز، نیدرلینڈز کو تین وکٹوں سے شکست

واضح رہے کہ آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ 2026 میں 20 ٹیموں کو چار گروپس میں تقسیم کیا گیا ہے۔ ایونٹ کے پہلے روز تین میچز کھیلے گئے، جن میں پاکستان نے گروپ اے میں اپنے پہلے میچ میں نیدرلینڈز کو شکست دی، انڈیا نے امریکا کو جب کہ ویسٹ انڈیز نے اسکاٹ لینڈ کو ہرایا۔

ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں آج مزید دو میچز کھیلے جائیں گے، جن میں انگلینڈ کا مقابلہ نیپال سے جب کہ اسکاٹ لینڈ اور اٹلی کی ٹیمیں آمنے سامنے ہوں گی۔