ہفتے کو کولمبو میں کھیلے گئے میچ میں پاکستان نے 148 رنز کا ہدف آخری اوور میں 7 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کیا۔
پاکستان کی جانب سے صاحبزادہ فرحان 47 رنز کے ساتھ نمایاں رہے، جبکہ سلمان مرزا نے شاندار بولنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 3 وکٹیں حاصل کیں۔ نیدرلینڈز کی ٹیم پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 20 اوورز میں 147 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی۔ اس سے قبل پاکستان کے کپتان سلمان علی آغا نے ٹاس جیت کر فیلڈنگ کا فیصلہ کیا تھا۔
پاکستان کی اننگز
148 رنز کے تعاقب میں پاکستان کی اوپننگ جوڑی صاحبزادہ فرحان اور صائم ایوب نے اننگز کا آغاز کیا۔ صاحبزادہ فرحان نے ذمہ دارانہ بیٹنگ کرتے ہوئے 31 گیندوں پر 47 رنز بنائے، جن میں 4 چوکے اور 2 چھکے شامل تھے، تاہم وہ پال وین میکرین کی گیند پر رولوف وین ڈر مروا کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہو گئے۔
A vital cameo from Faheem Ashraf carries Pakistan to victory in the #T20WorldCup opener 💪
— ICC (@ICC) February 7, 2026
📝: https://t.co/MB0N9eUpvK pic.twitter.com/bDjr74RC0a
صائم ایوب نے جارحانہ کھیل پیش کرتے ہوئے 13 گیندوں پر 24 رنز اسکور کیے، جن میں 4 چوکے اور ایک چھکا شامل تھا، لیکن وہ آریان دت کی گیند پر کیچ آؤٹ ہو گئے۔ کپتان سلمان علی آغا 8 گیندوں پر 12 رنز بنا کر آریان دت کی گیند پر مائیکل لیوٹ کو کیچ دے بیٹھے۔
بابر اعظم نے محتاط انداز اپناتے ہوئے 18 گیندوں پر 15 رنز بنائے مگر وہ رولوف وین ڈر مروا کی گیند پر آؤٹ ہو گئے۔ وکٹ کیپر عثمان خان صفر پر پویلین لوٹے، شاداب خان نے 12 گیندوں پر 8 جبکہ محمد نواز نے 13 گیندوں پر 6 رنز بنائے۔
آخری اوورز میں فہیم اشرف نے دھواں دار بیٹنگ کرتے ہوئے 11 گیندوں پر ناقابلِ شکست 29 رنز اسکور کیے، جن میں 2 چوکے اور 3 چھکے شامل تھے، جبکہ شاہین شاہ آفریدی 5 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے۔
نیدرلینڈز کی اننگز
نیدرلینڈز کی جانب سے کپتان سکاٹ ایڈورڈز 37 رنز کے ساتھ نمایاں رہے۔ باس ڈی لیڈے نے 30 اور مائیکل لیوٹ نے 24 رنز بنائے۔ کولن ایکرمن 20، آریان دت 13، میکس او ڈاؤڈ 5 اور رولوف وین ڈر مروا 4 رنز بنا سکے۔ زیک لیون کیشے نو، جبکہ لوگن وین بیک اور پال وین میکرین صفر پر آؤٹ ہوئے، کائل کلین 2 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے۔
پاکستان کی جانب سے سلمان مرزا نے 3، محمد نواز، ابرار احمد اور صائم ایوب نے 2،2 جبکہ شاہین شاہ آفریدی نے ایک وکٹ حاصل کی۔
سلمان علی آغا پہلی مرتبہ آئی سی سی ٹی 20 ورلڈ کپ میں پاکستان کی قیادت کر رہے ہیں۔ میچ کے دوران موسم بھی توجہ کا مرکز رہا، کیونکہ بارش کے امکانات کے باعث کھیل متاثر ہونے کا خدشہ ظاہر کیا گیا۔
ٹی 20 ورلڈ کپ کے افتتاحی دن مجموعی طور پر 3 میچز کھیلے جا رہے ہیں۔ میگا ایونٹ میں 20 ٹیموں کو 4 گروپس میں تقسیم کیا گیا ہے۔ آج کے دیگر مقابلوں میں ویسٹ انڈیز کا سامنا اسکاٹ لینڈ سے ہوگا جبکہ بھارت کی ٹیم امریکہ کے خلاف میدان میں اترے گی۔
پاکستان کی پلیئنگ الیون:
صائم ایوب، صاحبزادہ فرحان، سلمان علی آغا (کپتان)، بابر اعظم، عثمان خان (وکٹ کیپر)، شاداب خان، محمد نواز، فہیم اشرف، شاہین شاہ آفریدی، سلمان مرزا، ابرار احمد
نیدرلینڈز کی پلیئنگ الیون:
مائیکل لیوٹ، میکس او ڈاؤڈ، باس ڈی لیڈے، کولن ایکرمن، سکاٹ ایڈورڈز (کپتان/وکٹ کیپر)، زیک لیون کیشے، لوگن وین بیک، آریان دت، رولوف وین ڈر مروا، کائل کلین، پال وین میکرین







