کولمبو کے آر پریماداسا اسٹیڈیم میں پری میچ پریس کانفرنس کے دوران عمائمہ سہیل کا کہنا تھا کہ ہم بالکل بھی ریلیکس نہیں ہیں۔ ہمارے پاس سیمی فائنل میں جانے کا موقع موجود ہے، اگر ہم اپنے اگلے تین میچ جیت جائیں تو یہ ممکن ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ ابھی سب کچھ ختم نہیں ہوا۔ تین میچ جیتنے کے بعد ہمارے پاس سیمی فائنل تک رسائی کا پورا چانس ہوگا۔
اوپننگ کے چیلنجز پر بات کرتے ہوئے عمائمہ کا کہنا تھا کہ میرے خیال میں سب سے بڑا چیلنج نئی گیند کو کھیلنا ہے۔ اگر آپ میچز دیکھیں تو گیند سوئنگ ہو رہی ہے اور پچ سیمرز کے لیے مددگار ہے۔ میں اسی پر کام کر رہی ہوں کہ نئی گیند کے خلاف بہتر کھیل پیش کر سکوں۔
یاد رہے کہ عمائمہ نے انگلینڈ کے خلاف میچ میں اچھی فارم دکھائی تھی،وہ 18 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہیں، جب کہ بارش کی وجہ سے میچ بے نتیجہ رہا۔
واضح رہے کہ بدھ کے روز بارش نے پاکستان کی ورلڈ کپ میں پہلی فتح کی امیدوں پر اس وقت پانی پھیر دیا جب انگلینڈ کے خلاف اہم میچ کولمبو میں دوسری بار ہونے والی بارش کے باعث منسوخ کر دیا گیا۔
بارش کے بعد میچ کو 31 اوورز تک محدود کر دیا گیا تھا اور پاکستان کو جیت کے لیے 113 رنز کا ہدف ملا تھا۔ گرین شرٹس نےچھ اوورز میں بغیر نقصان کے 34 رنز بنا لیے تھے کہ بارش دوبارہ شروع ہو گئی اور میچ ختم کر دیا گیا تھا، یوں انگلینڈ ممکنہ شکست سے بچ گیا۔
دوسری جانب پاکستان کی بولنگ اب تک ٹیم کا سب سے مضبوط پہلو رہی ہے۔ گرین شرٹس نے انگلینڈ اور آسٹریلیا جیسی مضبوط ٹیموں کو لگاتار میچوں میں بالترتیب 78-7 اور 76-7 پر محدود کر دیا تھا۔
پاکستان ایونٹ میں اپنا چوتھا میچ کل نیوزی لینڈ کے خلاف کھیلے گا، اس سے قبل کھیلے گئے تینوں میچز میں پاکستان کو ہار کا سامنا رہا ہے۔







