جیڈن ایڈمز نے ٹورنامنٹ میں جنوبی افریقہ کے لیے گروپ مرحلے کے تینوں میچ کھیلے تھے۔ جنوبی افریقہ ناک آؤٹ مرحلے تک پہنچنے میں کامیاب رہا، تاہم ناک آؤٹ مرحلے میں کینیڈا سے شکست کے بعد ایونٹ سے باہر ہو گیا تھا۔

جنوبی افریقہ کے وزیرِ کھیل گیٹن میکینزی نے جیڈن ایڈمز کے انتقال پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ملک کی فٹبال ایک باصلاحیت نوجوان کھلاڑی سے محروم ہو گئی ہے۔

پولیس کے مطابق 25 سالہ جیڈن ایڈمز کی لاش سنیچر کی صبح کیپ ٹاؤن کے نواحی علاقے شٹسکیلوف میں واقع ان کے گھر سے ملی، جس کے بعد واقعے کی تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں۔

گیٹن میکینزی نے کہا کہ جیڈن ایڈمز کی موت کی وجہ کی تاحال تصدیق نہیں ہوئی، اس لیے میڈیا اور عوام تحمل اور ہمدردی کا مظاہرہ کریں اور قیاس آرائیوں سے گریز کریں۔

انہوں نے مزید کہا کہ اس حوالے سے کوئی بھی مصدقہ معلومات مناسب وقت پر متعلقہ حکام کی جانب سے جاری کی جائیں گی۔