پاکستانی ٹیم کے کپتان سلمان علی آغا نے سیریز سے قبل ٹیم کے حوصلے بلند ہونے کا اظہار کیا ہے۔

سری لنکا کے شہر دمبولا میں پریس کانفرنس کے دوران سلمان علی آغا نے کہا کہ کھلاڑی بہترین کارکردگی دکھانے کی بھرپور کوشش کریں گے اور امید ہے کہ نتائج بھی ٹیم کے حق میں آئیں گے۔

انہوں نے مزید کہا کہ ورلڈ کپ سے قبل سری لنکا کے موسم اور میچ کنڈیشنز سے ہم آہنگی حاصل کرنا ٹیم کے لیے فائدہ مند ثابت ہوگا۔ پاکستان اور سری لنکا کے درمیان تین میچوں کی ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل سیریز 7، 9 اور 11 جنوری کو دمبولا میں کھیلی جائے گی۔

پاکستانی 15 رکنی اسکواڈ میں سلمان علی آغا بطور کپتان شامل ہیں جبکہ دیگر کھلاڑیوں میں عبدالصمد، ابرار احمد، فہیم اشرف، فخر زمان، خواجہ نافع وکٹ کیپر، محمد نواز، محمد سلمان مرزا، محمد وسیم جونیئر، نسیم شاہ، صاحبزادہ فرحان وکٹ کیپر، صائم ایوب، شاداب خان، عثمان خان وکٹ کیپر اور عثمان طارق شامل ہیں۔

یاد رہے کہ دمبولا میں گزشتہ تین روز سے وقفے وقفے سے بارش کا سلسلہ جاری تھا جس کے باعث پاکستانی ٹیم کا پہلا تربیتی سیشن منسوخ کرنا پڑا۔ تاہم آج بارش کے امکانات کم ہیں جس کے باعث میچ کے انعقاد کے لیے حالات سازگار رہنے کی توقع کی جا رہی ہے۔