تفصیلات کے مطابق جنوبی افریقہ نے نیوزی لینڈ کے بعد انڈیا کو بھی اس کی سرزمین پر ٹیسٹ سیریز میں وائٹ واش کرکے حیران کر دیا۔ یوں پروٹیز ٹیم 1999 کے بعد پہلی بار انڈیا میں ٹیسٹ سیریز جیتنے میں کامیاب ہوئی۔

اس تاریخی فتح کے بعد ٹیمبا باووما نے بطور کپتان شاندار ریکارڈ قائم کیا۔ انہوں نے مجموعی طور پر 12 ٹیسٹ میچوں کی قیادت کی، جن میں 11 میں کامیابی حاصل کی جب کہ ایک میچ ڈرا ہوا۔ اہم بات یہ ہے کہ انہیں کسی بھی ٹیسٹ میں شکست کا سامنا نہیں کرنا پڑا۔

اس سے قبل یہ ریکارڈ انگلینڈ کے سابق کپتان مائیک بریرلی کے پاس تھا، جنہوں نے 15 ٹیسٹ میچوں میں بغیر شکست کے 10 فتوحات سمیٹی تھیں۔

یہ بھی پڑھیں: سہ فریقی ٹی 20 سیریز: سری لنکا کی پاکستان کے خلاف بیٹنگ جاری

انڈیا کے خلاف سیریز میں جنوبی افریقہ نے گوہاٹی ٹیسٹ میں 408 رنز کے بھاری مارجن سے کامیابی حاصل کی، جو انڈیا کی ہوم گراؤنڈ پر ٹیسٹ کرکٹ کی سب سے بڑی ہار تھی۔

پروٹیز ٹیم نے پہلی اننگز میں 489 رنز بنائے، جواب میں انڈین  بیٹنگ لائن 201 رنز پر ڈھیر ہوگئی۔

دوسری اننگز میں جنوبی افریقہ نے 260 رنز پر پانچ کھلاڑی آؤٹ ہونے کے بعد اننگز ڈیکلیئر کی اور انڈیا کو 549 رنز کا ہدف دیا، جس کے تعاقب میں میزبان ٹیم صرف 140 رنز بنا سکی۔

مارکو جانسن پلیئر آف دی میچ، جب کہ 17 وکٹیں لینے والے اسپنر سائمن ہارمر پلیئر آف دی سیریز قرار پائے۔

واضح رہے کہ ٹیمبا باووما کی قیادت میں جنوبی افریقہ نے آئی سی سی ٹیسٹ چیمپیئن شپ کے فائنل میں آسٹریلیا کو پانچ وکٹوں سے شکست دے کر 27 سال بعد کوئی آئی سی سی ٹائٹل جیتنے کا اعزاز بھی حاصل کیا تھا۔