قذافی اسٹیڈیم لاہور میں کھیلے جا رہے دو ٹیسٹ میچوں کی سیریز کے پہلے میچ میں پاکستان کے کپتان شان مسعود نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔ میچ کے آغاز پر ہی قومی ٹیم کو نقصان اٹھانا پڑا جب اوپنر عبداللہ شفیق صرف دو رنز بنا کر کاگیسو ربادا کی گیند پر آؤٹ ہوگئے۔

تیسرے نمبر پر آنے والے کپتان شان مسعود نے امام الحق کے ساتھ مل کر سنبھل کر بیٹنگ کی اور شراکت قائم کرتے ہوئے اسکور میں تسلسل سے اضافہ کیا۔ دونوں کھلاڑیوں نے اپنی نصف سنچریاں مکمل کیں۔ شان مسعود 76 رنز بنانے کے بعد پرینیلن سبریئن کی گیند پر آؤٹ ہوئے۔

پاکستان نے اس میچ کے لیے وائرل بخار سے صحت یاب ہونے والے اسپنر ساجد خان کو ٹیم میں شامل کیا ہے جو نعمان علی کے ساتھ مل کر جنوبی افریقی بلے بازوں کے لیے مشکلات پیدا کرنے کی کوشش کریں گے، جبکہ فاسٹ باؤلنگ کا شعبہ شاہین شاہ آفریدی اور حسن علی کے سپرد ہے۔

جنوبی افریقہ نے تین اسپنرز سائمن ہارمر، سینوران مٹھوسامی اور پرینیلن سبریئن کو شامل کیا ہے، جب کہ کاگیسو ربادا اور ویان ملڈر فاسٹ باؤلنگ کے فرائض انجام دے رہے ہیں۔

یہ میچ پاکستان کی 2025-27 ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ مہم کا پہلا امتحان ہے۔ شان مسعود کی قیادت میں قومی ٹیم — جو گزشتہ چکر میں نو ٹیموں میں سب سے نیچے رہی تھی — اس بار بہتر کارکردگی دکھانے کے عزم کے ساتھ میدان میں اتری ہے۔ دوسری جانب، ایڈن مارکرم کی قیادت میں کھیلنے والی جنوبی افریقی ٹیم موجودہ چیمپئن ہے، جس نے گزشتہ سال لارڈز میں آسٹریلیا کو شکست دے کر ڈبلیو ٹی سی ٹرافی اپنے نام کی تھی۔

قذافی اسٹیڈیم میں آخری بار مارچ 2022 میں پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان ٹیسٹ کھیلا گیا تھا، جب کہ جنوبی افریقہ 2021 میں پاکستان کے خلاف دو میچوں کی سیریز میں صفر-دو سے ہارا تھا۔

میچ سے قبل کپتان شان مسعود کا کہنا تھا کہ سیریز جیتنے کے لیے بڑے اسکور کے بجائے 20 وکٹیں حاصل کرنا اہم ہے، ہم ایسی پچز نہیں چاہتے جہاں میچ ڈرا ہو۔ دوسری جانب، جنوبی افریقی کپتان ایڈن مارکرم نے تسلیم کیا کہ پاکستان نے اسپنرز کی مددگار وکٹ تیار کی ہے، اور کہا کہ یہ ان کے لیے ایک قیمتی موقع ہے کہ وہ ان حالات میں اپنی صلاحیتیں آزمائیں۔

پاکستانی ٹیم: شان مسعود (کپتان)، امام الحق، عبداللہ شفیق، بابر اعظم، محمد رضوان، سلمان علی آغا، سعود شکیل، حسن علی، شاہین شاہ آفریدی، نعمان علی، ساجد خان۔

جنوبی افریقہ: ایڈن مارکرم (کپتان)، ڈیوالڈ بریوس، ٹونی ڈی زورزی، سائمن ہارمر، ویان ملڈر، سینوران مٹھوسامی، کاگیسو ربادا، رائن رکلٹن، ٹرسٹن سٹبز، پرینیلن سبریئن، کائل ویرینی۔

میچ کے امپائرز کرس براؤن (نیوزی لینڈ) اور راڈ ٹکر (آسٹریلیا) ہیں، جبکہ ٹی وی امپائر شرف الدولہ سیکت (بنگلہ دیش) اور میچ ریفری رنجن مدوگالے (سری لنکا) ہیں۔