مہمان ٹیم کی آمد کو دونوں ممالک کے درمیان خواتین کرکٹ کے فروغ کے لیے ایک مثبت قدم قرار دیا جا رہا ہے۔ کھلاڑیوں کو آمد کے بعد آرام کا موقع دیا گیا ہے، جبکہ جمعرات کی شام سے وہ باقاعدہ ٹریننگ کا آغاز کریں گی۔ دونوں ٹیمیں اپنی تیاریاں نیشنل بینک اسٹیڈیم میں شروع کریں گی، جہاں پوری سیریز کھیلی جائے گی۔
پاکستان اور زمبابوے کے درمیان وائٹ بال سیریز کا باقاعدہ آغاز 3 مئی سے ہوگا۔ ابتدائی مرحلے میں تین ایک روزہ بین الاقوامی (ون ڈے) میچز کھیلے جائیں گے، جو 3، 6 اور 9 مئی کو اسی میدان میں منعقد ہوں گے۔ اس کے بعد سیریز کا دوسرا مرحلہ ٹی20 فارمیٹ پر مشتمل ہوگا، جس میں دونوں ٹیمیں 12، 14 اور 15 مئی کو آمنے سامنے آئیں گی۔
یہ سیریز قومی ویمنز ٹیم کے لیے غیر معمولی اہمیت رکھتی ہے، کیونکہ اسے آنے والے بڑے عالمی مقابلوں کی تیاری کا حصہ سمجھا جا رہا ہے۔ خاص طور پر آئی سی سی ویمنز ٹی20 ورلڈ کپ سے قبل یہ میچز ٹیم کی کارکردگی کو نکھارنے میں کلیدی کردار ادا کریں گے۔ یہ عالمی ایونٹ 12 جون سے 5 جولائی تک انگلینڈ اور ویلز میں کھیلا جائے گا۔
مزید پڑھیں: پاکستان سپر لیگ 11 کا فائنل: ٹکٹوں کی فروخت آج سے شروع، سب سے سستا ٹکٹ کتنے میں ملے گا؟
ورڈ کپ سے پہلے پاکستان ویمنز ٹیم ایک اور اہم چیلنج کے لیے بھی تیار ہے، جہاں وہ آئرلینڈ میں ہونے والی سہ فریقی ٹی20 سیریز میں شرکت کرے گی۔ اس سیریز میں میزبان آئرلینڈ کے علاوہ ویسٹ انڈیز کی ٹیم بھی شریک ہوگی۔ یہ مقابلے 28 مئی سے 4 جون تک جاری رہیں گے۔
کرکٹ شائقین کے لیے یہ سیریز نہ صرف دلچسپ مقابلوں کا پیش خیمہ ہے بلکہ خواتین کرکٹ کے فروغ کی جانب ایک اہم سنگ میل بھی سمجھی جا رہی ہے۔







