خبررساں ادارے سکائی نیوز کی رپورٹ کے مطابق ہیتھرو انتظامیہ کا کہنا ہے کہ توسیعی منصوبے کی مکمل مالی معاونت نجی شعبہ کرے گا اور رن وے یا متعلقہ بنیادی ڈھانچے کی تعمیر میں ٹیکس دہندگان کا کوئی پیسہ استعمال نہیں ہوگا۔ منصوبے کے تحت تیسرے رن وے پر 33 ارب پاؤنڈ، جب کہ موجودہ ہوائی اڈے کی اپ گریڈیشن پر مزید 15 ارب پاؤنڈ خرچ کیے جائیں گے۔

رپورٹ کے مطابق تاہم، اس توسیع کے لیے ملک کی مصروف ترین شاہراہ M25 موٹر وے کو ازسرِنو ترتیب دینا ہوگا، جس کے نتیجے میں قریبی دیہات لانگ فورڈ اور ہارمنڈس ورتھ کو مسمار کرنا پڑ سکتا ہے۔

تیسرے رن وے کی توثیق ابھی مختلف مراحل سے مشروط ہے، جن میں عوامی مشاورت، پارلیمانی جانچ پڑتال اور منصوبہ بندی کا طویل قانونی عمل شامل ہوگا۔ رن وے کی حتمی طوالت اور ڈیزائن پر محکمۂ ٹرانسپورٹ مزید غور کرے گا۔

برطانوی حکومت کے مطابق یہ فیصلہ تیسرے رن وے کے ڈیزائن کی حتمی منظوری نہیں ہے بلکہ صرف ہیتھرو کی تجویز کو ترجیح دینے کا عندیہ ہے۔

حکومت کا مؤقف ہے کہ ایک اضافی رن وے ملکی معیشت کو نمایاں فروغ دے سکتا ہے اور ہیتھرو کی تحقیق کے مطابق ایک لاکھ سے زائد نئی ملازمتیں پیدا کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔ رن وے مکمل ہونے کے بعد ہوائی اڈے کی سالانہ مسافروں کی گنجائش 83.9 ملین سے بڑھ کر 150 ملین تک پہنچ سکتی ہے۔

یہ بھی پڑھیں: لندن: ساؤتھ ہال میں واقع گودام میں شدید آگ بھڑک اٹھی، 150 سے زائد فائر فائٹرز آگ بجھانے میں مصروف

رپورٹ کے مطابق ہیتھرو نے رواں سال اعلان کیا تھا کہ تیسرے رن وے کی تعمیر سے قبل بھی اپنی سالانہ گنجائش میں مزید 10 ملین مسافروں کا اضافہ کیا جائے گا، جس کے لیے مسافر فیس بڑھانے کا منصوبہ زیرغور ہے۔

ٹرانسپورٹ سیکرٹری ہیدی الیگزینڈر نے کلائمیٹ چینج کمیٹی  کو خط لکھ کر اس توسیع کے ماحولیاتی اثرات کے بارے میں حکومت کی رائے سے آگاہ کیا ہے۔

سی سی سی نے خبردار کیا ہے کہ بڑھتی ہوئی ہوابازی سے برطانیہ کے کاربن اہداف کو شدید خطرات لاحق ہو سکتے ہیں کیونکہ پروازوں سے ہونے والے اخراج کی سطح ملکی بجلی کے پورے شعبے کے اخراج سے زیادہ ہے۔

حکومت کو توقع ہے کہ منصوبہ بندی کا حتمی فیصلہ 2029 تک ہو جائے گا جب کہ تعمیر کی تکمیل 2035 تک متوقع ہے۔

تاہم ریانیر کے سربراہ مائیکل اولیری کا کہنا ہے کہ تیسرے رن وے کی تعمیر کے امکانات "انتہائی کم" ہیں اور اگر یہ منصوبہ آگے بڑھ بھی گیا تو یہ 2050 سے پہلے تکمیل تک نہیں پہنچ سکتا۔