طوفان اور سیلابی صورت حال کے باعث امریکا بھر میں 500 پروازیں منسوخ اور 3 ہزار سے زائد تاخیر کا شکار ہوئیں۔ نیویارک اور واشنگٹن ڈی سی کے بڑے ہوائی اڈے سب سے زیادہ متاثر ہوئے۔ ریگن ایئرپورٹ کے رن ویز پر سیلابی پانی جمع ہوگیا جبکہ لاگارڈیا ایئرپورٹ پر حفاظتی اقدامات کے تحت عارضی طور پر پروازیں روک دی گئیں۔

بجلی کی فراہمی بھی بری طرح متاثر ہوئی۔ جمعرات کی شام ساڑھے سات بجے طوفان کی شدت کے دوران 9 لاکھ 61 ہزار سے زائد صارفین بجلی سے محروم تھے، تاہم رات تقریباً 10 بجے یہ تعداد کم ہوکر 9 لاکھ 8 ہزار رہ گئی۔

پنسلوینیا میں 2 لاکھ 7 ہزار سے زائد، نیو جرسی میں ایک لاکھ 79 ہزار، میری لینڈ میں ایک لاکھ 39 ہزار، ورجینیا میں ایک لاکھ 6 ہزار، مسوری میں ایک لاکھ اور نیویارک میں 68 ہزار سے زائد گھروں اور کاروباری مراکز کی بجلی منقطع ہوئی۔

شدید بارشوں سے زمین نرم ہونے اور 50 سے 70 میل فی گھنٹہ کی رفتار سے چلنے والی ہواؤں کے باعث متعدد درخت جڑوں سے اکھڑ کر بجلی کی تاروں اور کھمبوں پر گر گئے، جس سے بجلی کی فراہمی متاثر ہوئی۔

تیز ہواؤں اور ساحلی سیلاب کے خطرے کے پیش نظر پنسلوینیا اور نیو جرسی کو ملانے والا کموڈور بیری برج جبکہ میری لینڈ کے کئی پل بھی ٹریفک کے لیے بند کر دیے گئے۔

خراب موسم نے نیویارک شہر کی مشہور سالانہ میسیز تھینکس گیونگ ڈے پریڈ کو بھی متاثر کیا۔ فراہم کردہ اطلاعات کے مطابق اپنی 100 سالہ تاریخ میں پہلی بار موسم کی خرابی کے باعث پریڈ ملتوی کرکے ہفتے 28 نومبر تک مؤخر کر دی گئی۔

نیویارک اور نیو جرسی کے گورنرز نے شدید سیلاب اور طوفان کے خطرے کے پیش نظر اپنی ریاستوں میں ہنگامی حالت نافذ کر دی، جبکہ نیویارک شہر اور ورجینیا میں سیلابی پانی میں پھنسی گاڑیوں سے درجنوں افراد کو ریسکیو کیا گیا۔

طوفان کے اثرات مشرقی ساحل تک محدود نہیں رہے۔ مشرقی ریاستوں میں موسلادھار بارشوں اور بلند سمندری لہروں کے باعث نقصان ہوا، جبکہ وسط مغربی ریاست مسوری میں شدید برف باری ریکارڈ کی گئی۔ دوسری جانب کیلیفورنیا کے ساحلی علاقوں میں بھی اونچی لہروں کے باعث لوگوں کو محفوظ مقامات پر منتقل ہونے کی ہدایت کی گئی۔

تھینکس گیونگ کی تعطیلات کے دوران امریکا کی مختلف ریاستیں شدید موسمی صورت حال کی لپیٹ میں رہیں، جس سے لاکھوں افراد کی روزمرہ زندگی اور سفری منصوبے متاثر ہوئے۔