امریکی نشریاتی ادارے فاکس نیوز کو دیے گئے مختصر انٹرویو میں صدر ٹرمپ نے اس امید کا اظہار کیا۔ بعد ازاں فاکس نیوز کے نمائندے ٹری ینگسٹ نے تل ابیب سے براہِ راست نشریات کے دوران ٹرمپ کے بیان کی تفصیلات ناظرین تک پہنچائیں۔

ٹری ینگسٹ کے مطابق صدر ٹرمپ نے بتایا کہ بیروت پر ہونے والے حالیہ اسرائیلی حملوں کے بعد ان کی اسرائیلی وزیراعظم بنیامین نیتن یاہو سے ٹیلیفون پر گفتگو ہوئی۔

رپورٹر کے مطابق گفتگو کے دوران صدر ٹرمپ نے اسرائیلی کارروائیوں پر ناراضی اور مایوسی کا اظہار کرتے ہوئے سخت لہجے میں وزیراعظم نیتن یاہو سے سوال کیا کہ وہ یہ کیا کر رہے ہیں۔

ینگسٹ نے مزید بتایا کہ ٹرمپ نے اسرائیلی وزیراعظم پر زور دیا کہ وہ حزب اللہ کے خلاف مزید حملوں سے گریز کریں تاکہ ایران کے ساتھ جاری سفارتی عمل اور ممکنہ معاہدہ متاثر نہ ہو۔

صدر ٹرمپ کے مطابق موجودہ مرحلے پر کسی بھی نئی فوجی کارروائی سے مذاکراتی پیش رفت کو نقصان پہنچ سکتا ہے، اسی لیے تمام فریقوں کو تحمل اور ذمہ داری کا مظاہرہ کرنا چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ اگرچہ حالیہ حملوں کے باعث دستخطی عمل میں کچھ تاخیر ہوئی ہے، تاہم امریکا اور ایران کے درمیان معاہدے کو حتمی شکل دینے کی کوششیں تیزی سے جاری ہیں اور دستخطی تقریب آئندہ چند گھنٹوں میں متوقع ہے۔