کویتی وزارتِ دفاع کے ترجمان نے سوشل میڈیا پر جاری بیان میں تصدیق کی کہ متعدد امریکی فوجی طیارے حادثے کا شکار ہوئے ہیں، تاہم انہوں نے طیارے گرنے کی وجوہات کی تفصیل فراہم نہیں کی،تمام عملہ محفوظ ہے اور فوری طور پر سرچ اینڈ ریسکیو آپریشن شروع کر دیا گیا تھا۔ عملے کو بحفاظت نکال کر اسپتال منتقل کیا گیا جہاں ان کا طبی معائنہ کیا گیا اور ضروری علاج فراہم کیا گیا۔

دوسری جانب ایرانی سرکاری میڈیا نے دعویٰ کیا ہے کہ ایرانی فضائی دفاعی نظام نے ملکی حدود کی خلاف ورزی کرنے والے امریکی ایف 15 لڑاکا طیارے کو نشانہ بنایا۔ ایرانی میڈیا کے مطابق مار گرایا گیا طیارہ کویت میں گر کر تباہ ہوا۔ ایرانی فوج کا کہنا ہے کہ کویت میں قائم امریکا کی علی السلیم ایئر بیس کو بھی نشانہ بنایا جا رہا ہے اور اسے مؤثر طور پر ناکارہ بنا دیا گیا ہے۔

اس سے قبل روسی میڈیا نے بھی خبر دی تھی کہ کویت میں ایک امریکی ایف 15 لڑاکا طیارہ گر کر تباہ ہوا ہے اور اس کا پائلٹ ایجیکٹ کرنے میں کامیاب رہا۔ سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی ویڈیوز میں ایک طیارے کو آگ کے شعلوں میں لپٹا زمین کی جانب گرتے ہوئے دیکھا گیا، تاہم ان ویڈیوز کی آزادانہ تصدیق نہیں ہو سکی۔

روسی میڈیا کے مطابق پائلٹ کو زخمی حالت میں اسپتال منتقل کیا گیا جہاں اسے طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے۔

مزید پڑھیں: پہلے پوری قوم کو محفوظ کرو پھر مجھے لے جاؤ‘، آیت اللہ خامنہ ای نے محفوظ مقام پر منتقلی سے انکار کر دیاتھا

واضح رہے کہ ہفتے کے روز امریکا اور اسرائیل کی جانب سے ایران پر حملوں کے بعد خطے میں کشیدگی میں غیر معمولی اضافہ دیکھنے میں آیا ہے۔ ایران نے جوابی کارروائی کرتے ہوئے کویت سمیت مختلف خلیجی ممالک میں قائم امریکی فوجی اڈوں کو نشانہ بنانے کا اعلان کیا تھا۔ ایرانی فوج کے بیان میں کہا گیا ہے کہ امریکا کی خطے میں موجود فوجی تنصیبات کو مرحلہ وار نشانہ بنایا جا رہا ہے۔

موجودہ صورتحال کے بعد خلیجی خطے میں سیکیورٹی ہائی الرٹ کر دی گئی ہے جبکہ عالمی سطح پر بھی بڑھتی ہوئی کشیدگی پر تشویش کا اظہار کیا جا رہا ہے۔