امریکی خبر رساں ادارے اے پی کے مطابق یہ حادثہ امریکی ریاست ٹیکساس کے شہر آسٹن کے جنوب مغربی علاقے ویمبرلے کے قریب پیش آیا، جب سیسنا 421 سی طیارہ پرواز کے دوران اچانک حادثے کا شکار ہو گیا۔

ٹیکساس ڈیپارٹمنٹ آف  پبلک سیفٹی کے حکام کا کہنا ہے کہ طیارہ مقامی وقت کے مطابق تقریباً 11 بجے فضا میں پرواز کر رہا تھا کہ اس دوران اس کا رابطہ کنٹرول ٹاور سے منقطع ہو گیا اور کچھ ہی دیر بعد وہ جنگل کے علاقے میں گر کر تباہ ہو گیا۔

حکام کے مطابق طیارے میں چار پِکل بال کھلاڑی اور ایک پائلٹ سوار تھے، جو ایک ٹورنامنٹ میں شرکت کے لیے دوسرے شہر کی جانب جا رہے تھے۔ افسوسناک طور پر حادثے میں تمام افراد موقع پر ہی ہلاک ہو گئے۔ مرنے والوں کی شناخت فوری طور پر ظاہر نہیں کی گئی۔

عینی شاہدین کے مطابق حادثے کے بعد علاقے میں شدید دھماکے جیسی آواز سنی گئی جس کے بعد دھواں اور آگ کے شعلے بلند ہوتے دکھائی دیے۔ قریبی رہائشیوں نے بتایا کہ آواز اتنی شدید تھی کہ گھروں کی کھڑکیاں اور دروازے لرز اٹھے۔

ایک مقامی رہائشی خاتون نے میڈیا کو بتایا کہ وہ سو رہی تھیں جب اچانک ایک زور دار دھماکہ سنا گیا، جس کے بعد پورا علاقہ خوف میں مبتلا ہو گیا۔ امدادی ٹیمیں فوری طور پر جائے حادثہ پر پہنچ گئیں اور لاشوں کو نکالنے کا عمل شروع کیا گیا۔

امیریلو پِکل بال کلب کی جانب سے بھی تصدیق کی گئی ہے کہ طیارے میں سوار کھلاڑی ایک اہم ٹورنامنٹ میں شرکت کے لیے جا رہے تھے، تاہم حادثے کے باعث کھیلوں کی کمیونٹی گہرے صدمے میں ہے۔

فلائٹ ریکارڈز کے مطابق طیارہ امیریلو سے روانہ ہوا تھا اور اس کا منزل برانفلز نیشنل ایئرپورٹ تھا، تاہم وہ اپنے مقررہ راستے میں ہی حادثے کا شکار ہو گیا۔

حادثے کے بعد امریکی ایوی ایشن حکام نے تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے۔ ابتدائی طور پر تکنیکی خرابی، موسم کی صورتحال اور دیگر پہلوؤں کا جائزہ لیا جا رہا ہے، تاہم اصل وجہ رپورٹ آنے کے بعد ہی واضح ہو سکے گی۔

پِکل بال، جو ٹینس، بیڈمنٹن اور ٹیبل ٹینس کا امتزاج سمجھا جاتا ہے، امریکا میں تیزی سے مقبول ہونے والا کھیل ہے اور حالیہ برسوں میں اس کے کھلاڑیوں اور ٹورنامنٹس میں نمایاں اضافہ دیکھا گیا ہے۔

حکام کا کہنا ہے کہ حادثے کی مکمل تحقیقات کی جائیں گی تاکہ یہ معلوم کیا جا سکے کہ پرواز کے دوران کیا خرابی پیش آئی جس کے نتیجے میں یہ المناک سانحہ رونما ہوا۔