عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق پاسدارانِ انقلاب نے اپنے ایک مختصر بیان میں کہا کہ امریکی فوج کی نقل و حرکت اور عسکری ساز و سامان ایرانی بحری یونٹس کی مسلسل اور مکمل نگرانی میں ہیں۔

پاسدارانِ انقلاب کی بحریہ کی جانب سے جاری بیان کے ساتھ ایک تصویر بھی جاری کی گئی، جس میں بحیرۂ عرب میں ایک امریکی ہیلی کاپٹر بردار بحری جہاز کو ایندھن حاصل کرتے ہوئے دکھایا گیا ہے۔

ترجمان پاسدارانِ انقلاب کے مطابق یہ تصویر اس بات کا ثبوت ہے کہ امریکی جنگی جہازوں کی نقل و حرکت پر ایران کی گہری نظر ہے۔

ادھر پاسدارانِ انقلاب کی ایرو اسپیس فورس کے کمانڈر میجر جنرل مجید موسوی نے بھی سخت مؤقف اختیار کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایران کی جوابی کارروائیاں اس وقت تک جاری رہیں گی جب تک جنوبی ساحلی علاقوں اور آبنائے ہرمز میں حالات دوبارہ معمول پر نہیں آ جاتے۔