حکام کے مطابق آگ لگنے کی اطلاع صبح 3 بج کر 47 منٹ پر ملی، جس کے بعد فوری طور پر 12 سے 14 فائر بریگیڈ کی گاڑیاں موقع پر پہنچیں۔ آگ نے تیزی سے عمارت کی بالائی منزلوں کو اپنی لپیٹ میں لے لیا، جس کے باعث ریسکیو آپریشن میں شدید مشکلات پیش آئیں۔

پولیس کا کہنا ہے کہ ہلاک ہونے والوں میں 5 افراد کی لاشیں دوسری منزل سے، 3 سیڑھیوں کے حصے سے جبکہ ایک شخص کی لاش پہلی منزل سے ملی۔ جاں بحق افراد میں ایک سالہ بچہ بھی شامل ہے، جبکہ مجموعی طور پر 4 مرد، 4 خواتین اور ایک بچہ زندگی کی بازی ہار گئے۔

حکام کے مطابق تیسری منزل پر رہائش پذیر ایک ہی خاندان کے 3 افراد بھی اس حادثے میں جان سے گئے۔ ریسکیو ٹیموں نے اب تک 10 سے 15 افراد کو عمارت سے نکال لیا ہے، جن میں سے بعض کو معمولی نوعیت کی چوٹیں آئی ہیں اور انہیں قریبی اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔

ابتدائی اطلاعات کے مطابق آگ لگنے کی ممکنہ وجہ ایئر کنڈیشنر میں دھماکا بتائی جا رہی ہے، تاہم حتمی وجہ جاننے کے لیے تحقیقات جاری ہیں۔

واقعے پر نریندر مودی اور دہلی کی مقامی انتظامیہ نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے متاثرہ خاندانوں سے اظہار ہمدردی کیا ہے، جبکہ حکام کا کہنا ہے کہ امدادی کارروائیاں جاری ہیں اور ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ بھی موجود ہے۔