خبر رساں ادارے کے مطابق یہ واقعہ پیر کی صبح ریاست اڑیسا کے شہر کٹک میں واقع ایس بی سی میڈیکل کالج اینڈ ہسپتال کی پہلی منزل پر پیش آیا۔ حکام کے مطابق آگ شارٹ سرکٹ کے باعث بھڑکی۔
ریاست کے وزیر اعلیٰ موہن چرن مجہی نے صحافیوں کو بتایا کہ ٹراما آئی سی یو وارڈ میں، جہاں مریضوں کا علاج ہو رہا تھا، شارٹ سرکٹ کے باعث آگ لگی۔ اس وقت اس منزل پر 23 مریض موجود تھے۔ آگ لگنے کے نتیجے میں 10 افراد ہلاک ہو گئے جبکہ باقی مریضوں کو فوری طور پر دیگر وارڈز میں منتقل کر دیا گیا۔
مریضوں کو بچانے کی کوشش کے دوران ہسپتال کے عملے کے کم از کم 11 افراد بھی جھلس گئے۔
انڈین وزیر اعظم نریندر مودی نے اس واقعے کو انتہائی افسوسناک قرار دیتے ہوئے متاثرہ خاندانوں سے تعزیت کا اظہار کیا۔ سوشل میڈیا پر جاری اپنے پیغام میں انہوں نے متاثرہ خاندانوں کے لیے 2,160 ڈالر معاوضے کا اعلان بھی کیا۔
ماہرین کے مطابق انڈیا میں آگ لگنے کے واقعات اکثر دیکھنے میں آتے ہیں کیونکہ کئی عمارتوں میں فائر سیفٹی کا مناسب انتظام موجود نہیں ہوتا اور حفاظتی ضوابط کو نظر انداز کیا جاتا ہے۔ خراب یا ناقص دیکھ بھال والی بجلی کی وائرنگ کے باعث ہونے والا الیکٹریکل شارٹ سرکٹ بھی ان واقعات کی بڑی وجہ بنتا ہے۔
یاد رہے کہ 2024 میں جنوبی ریاست تمل ناڈو کے ایک نجی ہسپتال میں آگ لگنے سے کم از کم چھ افراد ہلاک اور دو درجن سے زائد زخمی ہو گئے تھے، جبکہ اسی سال شمالی ریاست اتر پردیش کے ایک ہسپتال میں آتشزدگی کے باعث 10 نومولود بچے بھی جان کی بازی ہار گئے تھے۔







