Israeli strikes kill 14 in Beirut and southern Lebanon, border crossing closedلبنانی وزارت صحت کے مطابق بیروت کے جنوبی مضافاتی علاقے میں ہونے والے حملوں میں کم از کم 4 افراد شہید ہوئے، جب کہ جنوبی لبنان میں اسرائیلی کارروائیوں کے نتیجے میں 10 افراد، جن میں ایک ہی خاندان کے 6 افراد شامل ہیں، جان سے گئے۔

ایک اور حملے میں بیروت کے جناح علاقے میں 39 افراد زخمی ہوئے، جہاں دھماکہ ملک کے سب سے بڑے سرکاری ہسپتال رفیق حریری یونیورسٹی اسپتال کے قریب ہوا۔

رپورٹس کے مطابق اسرائیل نے 2 مارچ کے بعد لبنان میں فضائی حملے تیز کر دیے ہیں، جب حزب اللہ نے ایران کے ساتھ جاری جنگ کے تناظر میں اسرائیل پر راکٹ حملے کیے تھے۔ اسرائیلی فوج نے جنوبی لبنان میں زمینی کارروائیاں بھی شروع کر رکھی ہیں۔

ادھر حزب اللہ نے دعویٰ کیا ہے کہ اس نے لبنان کے ساحل سے 126 کلومیٹر دور ایک اسرائیلی جنگی جہاز کو کروز میزائل سے نشانہ بنایا، تاہم اسرائیلی فوج کی جانب سے اس کی تصدیق نہیں کی گئی۔

اسرائیلی فوج کا کہنا ہے کہ وہ بیروت کے جنوبی علاقوں میں حزب اللہ کے  انفراسٹرکچر  کو نشانہ بنا رہی ہے، تاہم اس حوالے سے کوئی شواہد پیش نہیں کیے گئے۔

دوسری جانب اسرائیل نے لبنان اور شام کے درمیان اہم تجارتی گزرگاہ مسنا بارڈر کراسنگ کو نشانہ بنانے کی دھمکی دی، جس کے بعد اس مقام کو خالی کروا کر آمدورفت عارضی طور پر معطل کر دی گئی ہے۔

لبنانی حکام کے مطابق 2 مارچ سے جاری اسرائیلی حملوں میں اب تک 1400 سے زائد افراد شہید ہو چکے ہیں، جن میں 126 بچے بھی شامل ہیں، جب کہ 12 لاکھ سے زائد افراد بے گھر ہو چکے ہیں۔

اس صورتحال پر لبنانی صدر جوزف عون نے اسرائیل کے ساتھ مذاکرات کی اپیل کرتے ہوئے کہا ہے کہ مزید تباہی سے بچنے کے لیے بات چیت ضروری ہے۔