پولیس کے مطابق مبینہ حملہ اتوار کے روز بونڈی بیچ پر منعقد ہونے والی تقریب کے دوران کیا گیا، جہاں باپ اور بیٹے نے فائرنگ کی۔ اس حملے کے نتیجے میں 16 افراد ہلاک اور متعدد شدید زخمی ہوئے تھے، جس کے بعد علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا۔
تفصیلات کے مطابق 50 سالہ ساجد اکرم کو واقعے کے موقع پر پولیس نے گولی مار کر ہلاک کر دیا تھا، جب کہ اس کا 24 سالہ بیٹا نوید اکرم پولیس کی جوابی کارروائی میں زخمی ہو گیا تھا۔ نوید اکرم کو تشویشناک حالت میں اسپتال منتقل کیا گیا تھا اور وہ منگل کی دوپہر کو کومے سے باہر آیا۔
منگل کو یہ بات بھی سامنے آئی کہ ساجد اکرم کا تعلق انڈیا کے شہر حیدرآباد سے تھا۔ پولیس کا کہنا ہے کہ ابتدائی تحقیقات کے مطابق اس کے خاندان کو اس کی انتہاپسندانہ سوچ یا ممکنہ شدت پسندانہ رجحانات کا علم نہیں تھا۔
نیو ساؤتھ ویلز پولیس نے بدھ کے روز بتایا کہ نوید اکرم پر مجموعی طور پر 59 الزامات عائد کیے گئے ہیں۔ ان الزامات میں 15 قتل، قتل کی نیت سے زخمی کرنے کے 40 الزامات، ایک دہشت گردی کا الزام اور دیگر سنگین جرائم شامل ہیں۔
BREAKING: Alleged Bondi Beach attacker Naveed Akram has been charged with 59 offences, including a terror charge
— Sky News (@SkyNews) December 17, 2025
Sky s @jonathansamuels has the latest ⬇️
Live updates: https://t.co/dr05poccdE
📺 Sky 501, Virgin 602, Freeview 233 and YouTube pic.twitter.com/9oWMo0IGDG
پولیس کے بیان کے مطابق عدالت میں یہ مؤقف اختیار کیا جائے گا کہ ملزم نے مذہبی بنیادوں پر کارروائی کرتے ہوئے انسانی جانوں کے ضیاع، شدید زخمی ہونے کے واقعات اور عوام کی جانوں کو خطرے میں ڈالنے کا سبب بنایا، جس کے نتیجے میں کمیونٹی میں شدید خوف اور عدم تحفظ پیدا ہوا۔
پولیس نے مزید کہا کہ ابتدائی شواہد ایک ایسے دہشت گرد حملے کی جانب اشارہ کرتے ہیں جو آسٹریلیا میں فہرست شدہ دہشت گرد تنظیم داعش سے متاثر ہو سکتا ہے، تاہم تحقیقات کا عمل تاحال جاری ہے۔
بدھ کے روز عدالت میں جمع کرائی گئی دستاویزات میں نوید اکرم کو باضابطہ طور پر ملزم نامزد کیا گیا ہے۔ وہ اس وقت سڈنی کے ایک اسپتال میں سخت پولیس نگرانی میں زیرِ علاج ہے اور اس کے خلاف قانونی کارروائی آئندہ سماعتوں میں آگے بڑھائی جائے گی۔






