معاہدوں پر دستخط کی تقریب ایرانی صدر ڈاکٹر مسعود پزشکیان اور عراقی وزیراعظم محمد شیاع السودانی کی موجودگی میں منعقد ہوئی۔ تقریب میں دونوں ممالک کے اعلیٰ حکام اور متعلقہ وزراء نے بھی شرکت کی۔
دستخط کیے گئے معاہدوں میں ایران اور عراق کے درمیان خسروی، خانقین اور بغداد کو ریلوے نیٹ ورک کے ذریعے منسلک کرنے کے منصوبے کو آگے بڑھانے، تہران اور بغداد کو سسٹر سٹیز قرار دینے، پبلک ایڈمنسٹریشن کے شعبے میں تعاون، سرکاری افسران کی تربیت اور ہیومن ریسورس مینجمنٹ کے نظام کو مزید مؤثر بنانے سے متعلق مفاہمتی یادداشتیں شامل ہیں۔
دونوں ممالک کا کہنا ہے کہ ان معاہدوں سے نہ صرف اقتصادی اور تجارتی روابط کو فروغ ملے گا بلکہ ٹرانسپورٹ، انتظامی امور اور عوامی سطح پر تعلقات بھی مزید مضبوط ہوں گے۔ ریلوے منصوبہ خطے میں تجارتی سرگرمیوں اور مسافروں کی آمدورفت کو بہتر بنانے میں اہم کردار ادا کر سکتا ہے۔
اس موقع پر ایرانی صدر ڈاکٹر مسعود پزشکیان نے کہا کہ ایران کی خارجہ پالیسی میں پڑوسی ممالک کے ساتھ مضبوط اور دیرپا تعلقات کو خصوصی اہمیت حاصل ہے، عراق ایران کا ایک اہم ہمسایہ اور قریبی شراکت دار ہے، دونوں ممالک مختلف شعبوں میں تعاون کو مزید وسعت دینے کے لیے مشترکہ طور پر کام کر رہے ہیں۔
ایرانی صدر نے اس عزم کا بھی اعادہ کیا کہ تہران خطے میں امن، استحکام اور اقتصادی ترقی کے لیے اپنے پڑوسی ممالک کے ساتھ تعاون کو مزید مضبوط بنانے کی پالیسی پر عمل پیرا رہے گا۔
مزید پڑھیں: امریکا سے جنگ اس وقت ختم ہوگی جب میدان میں برتری حاصل ہوگی، ایرانی وزیر خارجہ
دوسری جانب عراقی وزیراعظم محمد شیاع السودانی نے دونوں ممالک کے درمیان تاریخی اور برادرانہ تعلقات کو سراہتے ہوئے کہا کہ حالیہ معاہدے باہمی شراکت داری کو مزید مستحکم بنانے اور مشترکہ ترقی کے نئے مواقع پیدا کرنے میں معاون ثابت ہوں گے۔
واضح رہے کہ ایران اور عراق کے درمیان ہونے والے یہ معاہدے نہ صرف دوطرفہ تعلقات کو مزید مضبوط کریں گے بلکہ خطے میں اقتصادی روابط، انفراسٹرکچر کی ترقی اور عوامی سطح پر تعاون کو بھی نئی رفتار فراہم کریں گے۔







