غیر ملکی خبر رساں اداروں کے مطابق ایرانی صدر نے یہ بیان ایران کی ایٹمی توانائی تنظیم کے دورے کے موقع پر دیا، جہاں انہوں نے ملک کی جوہری صنعت کے سینئر حکام سے ملاقات کی۔

صدر پزشکیان نے سرکاری میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ عمارتوں اور فیکٹریوں کو تباہ کرنے سے ہمیں کوئی مسئلہ نہیں، ہم انہیں اس بار زیادہ طاقت کے ساتھ دوبارہ تعمیر کریں گے۔

انہوں نے واضح کیا کہ ایران کا جوہری پروگرام فوجی مقاصد کے لیے نہیں بلکہ عوامی فلاح، بیماریوں کے علاج اور صحت کے شعبے میں بہتری کے لیے ہے۔

واضح رہے کہ جون میں امریکا نے ایران کی متعدد جوہری تنصیبات پر حملے کیے تھے، جنہیں واشنگٹن کے مطابق ایٹمی ہتھیاروں کے پروگرام کا حصہ سمجھا جاتا ہے، تاہم ایران کا مؤقف ہے کہ اس کا جوہری پروگرام مکمل طور پر پرامن اور غیر فوجی ہے۔

دوسری جانب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے خبردار کیا ہے کہ اگر تہران نے تباہ شدہ جوہری تنصیبات کو دوبارہ فعال کرنے کی کوشش کی، تو وہ ایران کی نیوکلیئر سائٹس پر نئے حملوں کا حکم دیں گے۔