جرمن نشریاتی ادارے ڈی ڈبلیو کے مطابق یہ بات جنیوا میں اقوامِ متحدہ کے لیے متحدہ عرب امارات کے سفیر جمال المشرخ نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہی۔

انہوں نے کہا کہ اس معاملے پر متحدہ عرب امارات کا مؤقف پہلے بھی واضح تھا اور اس وقت بھی ہے جب خطے میں کشیدگی بڑھ رہی تھی۔

ان کا کہنا تھا کہ متحدہ عرب امارات اپنے ریاستی علاقے کو ایران کے خلاف کسی بھی حملے کے لیے استعمال ہونے کی اجازت نہیں دے گا اور نہ ہی وہ اس تنازع میں کسی صورت شامل ہونا چاہتا ہے۔

جنیوا میں قائم اقوام متحدہ کے یورپی صدر دفتر سے موصول ہونے والی رپورٹس کے مطابق متحدہ عرب امارات نے اس بات کی بھی مذمت کی ہے کہ امریکا اور اسرائیل کی جانب سے ایران پر فضائی حملوں کے بعد شروع ہونے والی جنگ میں تہران کی طرف سے کیے جانے والے جوابی حملوں میں یو اے ای کو بلاوجہ نشانہ بنایا جا رہا ہے۔

متحدہ عرب امارات نے واضح کیا ہے کہ خطے میں جاری اس تازہ کشیدگی کے باوجود وہ ایران کے خلاف کسی بھی فوجی کارروائی یا حملے کا حصہ نہیں بنے گا۔