انڈین میڈیا کے مطابق امریکی حکام نے واضح کیا ہے کہ ایسے افراد جو امریکی شہریت دلانے کے لیے بچے کی پیدائش کا ارادہ رکھتے ہوئے ٹورسٹ ویزا حاصل کرنے کی کوشش کریں گے، ان کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔

امریکی سفارتخانے نے سماجی رابطے کی سائٹ ایکس پر جاری بیان میں کہا کہ اگر قونصلر افسر کو یقین ہو جائے کہ درخواست گزار کا بنیادی مقصد امریکا میں بچے کی پیدائش کے ذریعے نوزائیدہ کو امریکی شہریت دلانا ہے تو اس کا ویزا کسی صورت منظور نہیں کیا جائے گا۔

بیان میں مزید کہا گیا کہ اس عمل کو امریکی نظام کے غلط استعمال کے مترادف سمجھا جاتا ہے اور ایسی کسی بھی کوشش کی اجازت نہیں دی جائے گی۔

ادھر امریکا نے ویزا درخواستوں کی چھان بین مزید سخت کر دی ہے، جس میں سوشل میڈیا اور آن لائن موجودگی کی اضافی جانچ بھی شامل ہے۔ یہ سختیاں اب H-1B اسپیشلٹی ورک ویزا رکھنے والوں اور ان کے H-4 انحصار کرنے والے اہل خانہ پر بھی لاگو ہوں گی۔

یہ اقدامات ایسے وقت میں کیے گئے ہیں جب انڈیا میں متعدد درخواست گزاروں کو اطلاع ملی ہے کہ ان کی ویزا اپائنٹمنٹس اچانک ری شیڈول کر دی گئی ہیں۔

یاد رہے کہ سابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اپنی دوسری مدتِ صدارت کے آغاز پر پیدائش پر شہریت دینے کے قانون کو منسوخ کرنے کا اعلان کیا تھا، تاہم امریکی عدالتوں نے اس فیصلے پر عمل درآمد روک دیا تھا۔