حادثہ ہفتہ کی رات جنگالیا کے علاقے پدوا بازار کے قریب پیش آیا، جہاں ڈھاکا جانے والی چٹاگانگ میل ٹرین نے ریلوے لائن عبور کرتی ایک مسافر بس کو ٹکر مار دی۔

حکام کے مطابق جاں بحق افراد میں 7 مرد، 2 خواتین اور 3 بچے شامل ہیں۔ زخمیوں کو فوری طور پر قریبی اسپتالوں میں منتقل کیا گیا، جن میں سے بعض کی حالت تشویشناک بتائی جا رہی ہے۔

ریلوے حکام کا کہنا ہے کہ فرائض میں کوتاہی کے الزام پر دو گیٹ مین، ہلال الدین اور مہدی حسن کو عارضی طور پر معطل کر دیا گیا ہے۔ چٹاگانگ ڈویژن کے ریلوے منیجر مصطفیٰ الرحمان بھوئیاں کے مطابق واقعے کی مکمل تحقیقات کے بعد مزید کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

ادھر حکام نے حادثے کی وجوہات جاننے کے لیے تحقیقاتی کمیٹی تشکیل دے دی ہے، جبکہ مقامی افراد نے ریلوے کراسنگ پر حفاظتی اقدامات مزید سخت کرنے کا مطالبہ کیا ہے تاکہ آئندہ ایسے افسوسناک واقعات سے بچا جا سکے۔