بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق پرواز چنئی ایئرپورٹ سے ابوظبہی کے لیے روانگی کی تیاری کر رہی تھی کہ اسی دوران طیارے کے ونگ (پر) میں آگ کے شعلے دیکھے گئے۔
واقعے کے فوری بعد ایئرپورٹ حکام نے پرواز کو روک دیا اور ہنگامی بنیادوں پر مسافروں کے انخلا کا عمل شروع کیا گیا۔ طیارے میں تقریباً 280 مسافر سوار تھے جنہیں بحفاظت باہر نکال لیا گیا۔
Etihad issues clarification after fire reports on Chennai-Abu Dhabi flight https://t.co/6uFhEWYCxc
— Gulf News (@gulf_news) May 12, 2026
رپورٹس کے مطابق پائلٹس نے ٹیک آف سے قبل ہی غیر معمولی صورتحال کو محسوس کرتے ہوئے کنٹرول ٹاور کو آگاہ کیا، جس کے بعد ایمرجنسی پروٹوکول نافذ کیا گیا۔
فائر بریگیڈ اور ایئرپورٹ ریسکیو ٹیمیں فوری طور پر موقع پر پہنچیں اور طیارے کے متاثرہ حصے میں لگی آگ پر قابو پا لیا گیا۔ خوش قسمتی سے واقعے میں کوئی جانی نقصان یا مسافر زخمی نہیں ہوا۔
ابتدائی معلومات کے مطابق آگ لگنے کی وجہ فوری طور پر سامنے نہیں آسکی، تاہم بھارتی ایوی ایشن حکام نے واقعے کی مکمل تحقیقات شروع کر دی ہیں تاکہ یہ معلوم کیا جا سکے کہ طیارے کے ونگ میں آگ کس وجہ سے لگی۔
ایئرپورٹ انتظامیہ کے مطابق متاثرہ پرواز کو عارضی طور پر روک دیا گیا ہے جبکہ مسافروں کو متبادل انتظامات کے تحت ان کی منزل تک پہنچانے کی کوششیں کی جا رہی ہیں۔
یاد رہے کہ حالیہ برسوں میں فضائی سفر کے دوران تکنیکی خرابیوں اور ہنگامی لینڈنگ کے واقعات میں اضافہ دیکھا گیا ہے، جس کے باعث ایوی ایشن سیفٹی پر سوالات بھی اٹھ رہے ہیں۔







