واشنگٹن ڈی سی میں وائٹ ہاؤس کے اوول آفس کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ٹرمپ نے کہا کہ انہوں نے چینی صدر شی جن پنگ کو خط لکھ کر اس معاملے پر درخواست کی تھی۔

ٹرمپ نے اپنے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ٹروتھ سوشل‘ پر بیان میں کہا کہ چین اس بات پر بہت خوش ہے کہ میں آبنائے ہرمز کو مستقل طور پر کھول رہا ہوں۔ میں یہ ان کے لیے بھی کر رہا ہوں اور پوری دنیا کے لیے بھی۔

انہوں نے مزید کہا کہ یہ صورتحال دوبارہ کبھی پیش نہیں آئے گی۔ انہوں نے اتفاق کیا ہے کہ وہ ایران کو ہتھیار نہیں بھیجیں گے۔

اپنے بیان میں ٹرمپ نے یہ بھی کہا کہ امریکا اور چین اس معاملے پر دانشمندی اور بہترین طریقے سے مل کر کام کر رہے ہیں، تاہم انہوں نے خبردار کیا کہ اگر ضرورت پڑی تو امریکا لڑنے کی بھرپور صلاحیت بھی رکھتا ہے۔

دوسری جانب، چین نے منگل کے روز ایرانی بندرگاہوں پر امریکی بحری ناکہ بندی کو غیر ذمہ دارانہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس سے جنگ بندی متاثر ہو سکتی ہے۔

چینی وزارت خارجہ کے ترجمان نے ان خبروں کو بھی مسترد کر دیا جن میں کہا گیا تھا کہ چین ایران کو جدید فضائی دفاعی نظام فراہم کرنے کی تیاری کر رہا ہے اور انہیں مکمل طور پر بے بنیاد قرار دیا۔

یاد رہے کہ امریکی فوج کے مطابق ناکہ بندی کے نفاذ کے بعد ابتدائی 24 گھنٹوں میں آبنائے ہرمز سے کوئی جہاز نہیں گزرا، حالانکہ اس سے قبل چینی جہاز ان چند بحری جہازوں میں شامل تھے جو اس راستے سے گزرنے میں کامیاب ہو رہے تھے۔

ادھر امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ آبنائے ہرمز دوبارہ کھل رہی ہے اور بحری جہاز اس راستے سے گزرنا شروع ہو گئے ہیں۔

فوکس بزنس کو دیے گئے ایک انٹرویو میں ٹرمپ نے کہا کہ آبنائے ہرمز کھل رہی ہے اور جہاز واپس آ رہے ہیں، تاہم انہوں نے اس حوالے سے مزید تفصیلات فراہم نہیں کیں۔

یہ بیان ایک ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب ایران کی فوج نے خبردار کیا ہے کہ اگر ایرانی بندرگاہوں پر امریکی بحری ناکہ بندی جاری رہی تو خلیج، بحیرۂ احمر اور خلیجِ عمان میں جہاز رانی کو نشانہ بنایا جا سکتا ہے۔

امریکا کی جانب سے نافذ کی گئی بحری ناکہ بندی پیر کے روز شروع ہوئی تھی اور منگل کو امریکی فوج نے بتایا کہ ابتدائی 24 گھنٹوں میں کوئی بھی جہاز آبنائے ہرمز سے گزرنے میں کامیاب نہیں ہوا۔

ٹرمپ نے ایران کے حوالے سے مزید کہا کہ ہم نے ابھی کام ختم نہیں کیا، تاہم انہوں نے یہ بھی عندیہ دیا کہ جنگ اپنے اختتام کے قریب ہے اور امریکا ایران کے ساتھ ایک بہترین معاہدہ کر سکتا ہے۔