بنگلہ دیش کے مقامی اخبار دی ڈیلی اسٹار کے مطابق، فائر سروس اینڈ سول ڈیفنس کے میڈیا سیل کے افسر طلحہ نے بتایا کہ 36 فائر فائٹنگ یونٹس آگ بجھانے کے عمل میں مصروف ہیں۔
ایئرپورٹ کے ترجمان کے مطابق، تمام طیارے محفوظ ہیں اور جیسے ہی صورتِ حال بہتر ہوگی، مزید تفصیلات فراہم کی جائیں گی۔
رپورٹ کے مطابق، آگ دوپہر تقریباً ڈھائی بجے (پاکستانی وقت ڈیڑھ بجے) ایئرپورٹ کے گیٹ نمبر آٹھ کے قریب کارگو حصے میں لگی۔
بنگلہ دیش کے انٹر سروسز پبلک ریلیشنز (آئی ایس پی آر) کے مطابق، آگ بجھانے میں سول ایوی ایشن اتھارٹی، فائر سروس، نیوی اور ایئر فورس کے دو یونٹس حصہ لے رہے ہیں، جب کہ بارڈر گارڈ بنگلہ دیش کی دو پلٹونیں بھی امدادی کارروائیوں میں مصروف ہیں۔
Massive #fire at #Dhaka airport cargo zone — Flights #suspended 🔥✈️
— CGTN Frontline (@Frontlinestory) October 18, 2025
A massive fire broke out in the #cargo warehouse of Dhaka International Airport in #Bangladesh, prompting authorities to suspend flight #operations. 36 fire units were deployed to battle the #blaze as crews… pic.twitter.com/AB8V48zWT6
ایئرپورٹ ذرائع کے مطابق، کم از کم پانچ پروازوں کو ڈھاکا کے بجائے چٹاگانگ کے شاہ امانت اور سلہٹ کے عثمانی بین الاقوامی ہوائی اڈوں کی طرف موڑ دیا گیا۔
شاہ امانت ایئرپورٹ کے پبلک ریلیشنز افسر محمد ابراہیم خلیل نے بتایا کہ ڈھاکا ایئرپورٹ کی فضائی حدود شام چھ بجے تک بند رہیں گی۔
فائر سروس کے مطابق، بندش کے باعث امریکا-بنگلہ ایئرلائنز کی دو اور بنگلہ دیش ایئرلائنز کی دو پروازوں کو متبادل ہوائی اڈے پر اتارا گیا۔ تازہ ترین اطلاعات کے مطابق، کل آٹھ ملکی و بین الاقوامی پروازیں شاہ امانت ایئرپورٹ پر اتریں۔
حکام کا کہنا ہے کہ صورتِ حال معمول پر آنے کے بعد ان پروازوں کو دوبارہ ڈھاکا روانہ کر دیا جائے گا، تاہم فی الحال حضرت شاہ جلال ایئرپورٹ پر روانگی کے منتظر مسافر پریشانی کا شکار ہیں۔







