1991 میں یوگنڈا کے دارالحکومت کمپالا میں پیدا ہونے والے ظہران ممدانی معروف انڈین نژاد اسکالر محمود ممدانی اور فلم ساز میرا نائر کے بیٹے ہیں۔ ان کا خاندان اُن کے والد کی کولمبیا یونیورسٹی میں ملازمت کے باعث نیویارک منتقل ہوا، اس وقت زہران کی عمر سات سال تھی۔
فوربز افریقہ کی رپورٹ کے مطابق ظہران ممدانی کے اثاثوں کی مالیت محض دو لاکھ ڈالرز ہے۔ وہ نیویارک کے علاقے اسٹوریا (کوئنز کاؤنٹی) میں ایک کرائے کے اپارٹمنٹ میں رہائش پذیر ہیں اور وہ اس کا 2250 ڈالرز ماہانہ کرایہ ادا کرتے ہیں۔ ممدانی کے پاس ذاتی گاڑی نہیں، وہ عام طور پر پبلک ٹرانسپورٹ استعمال کرتے ہیں۔
ان کے اثاثوں میں صرف یوگنڈا کے شہر جنجا میں 4 ایکڑ زمین شامل ہے جس کی مالیت ڈیڑھ سے ڈھائی لاکھ ڈالرز کے درمیان ہے۔ رپورٹ کے مطابق یہ واضح نہیں کہ زمین خریدی گئی یا تحفے میں ملی۔
ظہران ممدانی بطور ریاستی اسمبلی ممبر سالانہ 1 لاکھ 42 ہزار ڈالر زکماتے ہیں، جب کہ نیویارک کے میئر کے طور پر ان کی تنخواہ 2 لاکھ 60 ہزار ڈالرز سالانہ ہوگی۔ اس کے علاوہ وہ اپنے ہپ ہاپ کیرئیر کے نام مسٹر کارڈیمم سے میوزک رائلٹیز میں تقریباً ایک ہزار ڈالرز حاصل کرتے ہیں۔
اگر وہ سرکاری رہائش گاہ گریسی مینشن اختیار کرتے ہیں تو انہیں ہر ماہ کرایہ ادا نہیں کرنا پڑے گا۔
فوربز کے مطابق ظہران ممدانی کے اثاثے ان کے حریف اور سابق گورنر اینڈریو کومو کے مقابلے میں 50 گنا کم ہیں۔ کومو کے اثاثوں کی مالیت 10 ملین ڈالرز بتائی گئی ہے۔
26 billionaires spent over $22 million to beat Zohran Mamdani.
— Ab (@Abdnys) November 5, 2025
Why? Because regular people came together around an agenda that prioritized making life easier for more people. #Mamdani #election #NYC pic.twitter.com/0JLKLLU6TR
واضح رہے کہ ظہران کے والد محمود ممدانی کولمبیا یونیورسٹی میں پروفیسر ہیں اور سات کتابوں کے مصنف ہیں۔ وہ سالانہ دو سے تین لاکھ ڈالرز کماتے ہیں۔ ان کی والدہ، فلم ساز میرا نائر، عالمی سطح پر مشہور فلمیں بنا چکی ہیں جن میں مون سون ویڈنگ اور دی نیم سیک شامل ہیں۔
ظہران ممدانی یکم جنوری 2026 کو باضابطہ طور پر نیویارک کے میئر کا عہدہ سنبھالیں گے۔







