لندن کے میئر صادق خان نے بدھ کے روز امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ پر اسلاموفوبیا اور نسل پرستی کا الزام عائد کیا ہے۔
اے ایف پی کی رپورٹ کے مطابق یہ بیان صدر ٹرمپ کے حالیہ ریمارکس کے بعد سامنے آیا جو انہوں نے نیویارک میں اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی سے خطاب کے دوران دیے۔
اقوام متحدہ میں تقریر کرتے ہوئے صدر ٹرمپ نے کہا کہ میں لندن کو دیکھتا ہوں، جہاں ایک خوفناک میئر ہے، خوفناک، خوفناک میئر، اور شہر بہت بدل گیا ہے۔ اب وہ شریعت چاہتے ہیں، لیکن آپ ایک مختلف ملک میں ہیں، آپ ایسا نہیں کر سکتے۔
صادق خان نے برطانوی نشریاتی ادارے اسکائی نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ میرا خیال ہے کہ صدر ٹرمپ نے دکھا دیا ہے کہ وہ نسل پرست ہیں، وہ جنسی تعصب رکھتے ہیں، عورتوں کے مخالف ہیں اور وہ اسلاموفوبک ہیں۔
میئر لندن نے امریکی صدر کی جانب سے انہیں بار بار تنقید کا نشانہ بنائے جانے پر ازراہ تنفن کہا کہ وہ (صادق خان) ہر وقت ڈونلڈ ٹرمپ کے سر پر سوار رہتے ہیں اور وہ بھی بغیر کرائے کے۔
یاد رہے کہ یہ تنازع ایسے وقت پر سامنے آیا ہے جب دونوں رہنماؤں کے درمیان گزشتہ کئی برسوں سے سخت بیانات کا تبادلہ جاری ہے۔ صادق خان کا تعلق برطانیہ کی سینٹر لیفٹ لیبر پارٹی سے ہے جبکہ صدر ٹرمپ ریپبلکن جماعت سے وابستہ ہیں۔
اس حوالے سے برطانوی حکومت یا دفتر خارجہ کی جانب سے تاحال کوئی باضابطہ ردعمل سامنے نہیں آیا۔ تجزیہ کاروں کے مطابق اس قسم کے بیانات دو طرفہ تعلقات کو متاثر کر سکتے ہیں خاص طور پر ایسے وقت میں جب عالمی سطح پر بین المذاہب ہم آہنگی اور نسلی مساوات پر زور دیا جا رہا ہے۔
واضع رہے کہ مبصرین کا کہنا ہے کہ مستقبل میں ایسے بیانات سیاسی اور سفارتی سطح پر مزید ردعمل کا سبب بن سکتے ہیں۔







