اپنے ایک بیان میں محمد باقر قالیباف نے کہا کہ بعض عالمی طاقتیں اور ان کے حامی ذرائع ابلاغ ایران کے خلاف منظم مہم چلا رہے ہیں تاکہ عوام میں خوف و ہراس پیدا کیا جا سکے اور ملک کو سیاسی و اقتصادی طور پر دباؤ میں لا کر ہتھیار ڈالنے پر مجبور کیا جائے۔

انہوں نے کہا کہ دشمن کی کوشش ہے کہ بحری ناکا بندی، پابندیوں اور معاشی دباؤ کے ذریعے ایران کی معیشت کو نقصان پہنچایا جائے، لیکن ایرانی عوام اس صورتحال سے بخوبی آگاہ ہیں اور وہ قومی خودمختاری اور آزادی کے تحفظ کیلئے ہر مشکل کا سامنا کرنے کے لیے  تیار ہیں۔

ایرانی پارلیمنٹ کے اسپیکر کا کہنا تھا کہ میڈیا وار فیئر جدید دور کی ایک اہم حکمت عملی بن چکی ہے، جہاں جھوٹی خبروں، افواہوں اور منفی پروپیگنڈے کے ذریعے عوامی رائے کو متاثر کرنے کی کوشش کی جاتی ہے۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ ایران مخالف قوتیں عالمی میڈیا پلیٹ فارمز کو استعمال کرتے ہوئے ایران کے خلاف منفی تاثر پیدا کرنا چاہتی ہیں۔

محمد باقر قالیباف نے کہا کہ ایرانی قوم نے ماضی میں بھی سخت ترین حالات کا مقابلہ کیا ہے اور آج بھی عوام کو تاریخ کے اس نازک مرحلے میں اپنی ذمہ داریوں کا مکمل احساس ہے، دشمن کے عزائم ناکام ہوں گے کیونکہ ایرانی عوام اپنے ملک کے دفاع اور استحکام کیلئے متحد ہیں۔

مزید پڑھیں: اسرائیل کا لبنان حملے میں حزب اللہ کمانڈر کو نشانہ بنانے کا دعویٰ

انہوں نے مزید کہا کہ ایران کسی دباؤ، دھمکی یا بیرونی سازش کے سامنے جھکنے والا نہیں اور ملک کی قیادت قومی مفادات کے تحفظ کیلئے تمام ضروری اقدامات جاری رکھے ہوئے ہے۔

ایرانی اسپیکر نے اپنے بیان میں اس عزم کا اظہار بھی کیا کہ ایران خطے میں امن، خودمختاری اور قومی سلامتی کے اصولوں پر کوئی سمجھوتہ نہیں کرے گا اور بیرونی دباؤ کے باوجود اپنی پالیسیوں پر قائم رہے گا۔