چینی خبر رساں ادارے شنہوا کے مطابق سول ڈیفنس کے دفتر کے ترجمان جونی کاسٹیلو نے بتایا کہ ساحلی شہر جنوبی کوتاباتو کے علاقے جنرل سانتوس میں 10 اموات رپورٹ ہوئی ہیں، جب کہ 12 افراد تاحال لاپتہ ہیں۔ ہلاکتوں کی وجوہات میں عمارتوں کا گرنا، ملبے تلے دب جانا اور لینڈ سلائیڈنگ شامل ہیں۔
فلپائن نیشنل پولیس کے مطابق زلزلے میں 134 افراد زخمی ہوئے ہیں۔
جنرل سانتوس میں ایک دو منزلہ اسکول کی عمارت بھی منہدم ہو گئی، جس میں طلبہ کے پھنسے ہونے کی اطلاعات ہیں۔ حکام واقعے کی مزید تفصیلات کی تصدیق کر رہے ہیں۔
سوشل میڈیا پر سامنے آنے والی ویڈیوز میں یونیورسٹیوں اور ریسٹورنٹس سمیت متعدد عمارتوں کو منہدم ہوتے دیکھا جا سکتا ہے، جبکہ کئی تجارتی عمارتوں کو بھی شدید ساختی نقصان پہنچا ہے، جن کے سائن بورڈ گر گئے اور شیشے ٹوٹ گئے۔
زلزلے کے باعث شہری خوفزدہ ہو کر گھروں اور عمارتوں سے باہر نکل آئے۔
Magnitude 7.8 Earthquake Hits the Philippines
— Deseret News (@Deseret) June 8, 2026
A powerful 7.8 offshore earthquake rocked the southern Philippines Monday, causing widespread damage. At least 32 people have been confirmed dead, with over 200 injured as buildings collapsed in General Santos and surrounding areas.… pic.twitter.com/9rgiAUaBaM
یہ زلزلہ ایسے وقت میں آیا جب گرمیوں کی تعطیلات کے بعد ملک بھر میں اسکول دوبارہ کھلنا شروع ہوئے تھے۔ فلپائن کے محکمہ تعلیم نے حفاظتی اقدامات کے تحت 5 ہزار 800 سے زائد متاثرہ اسکولوں میں کلاسیں معطل کر دی ہیں۔
فلپائن کے انسٹی ٹیوٹ آف وولکینولوجی اینڈ سیسمولوجی کے مطابق زلزلہ پیر کی صبح 7 بج کر 37 منٹ پر جزیرہ منڈاناؤ کے قریب سمندری علاقے میں آیا، جس کی گہرائی 33 کلومیٹر ریکارڈ کی گئی۔
جنرل سانتوس انٹرنیشنل ایئرپورٹ نے صبح 8:45 سے سہ پہر 3 بجے تک حفاظتی معائنے کے لیے پروازوں کی سرگرمیاں معطل رکھیں۔ تین ایئرلائنز نے مجموعی طور پر 17 اندرون ملک پروازیں منسوخ کر دیں۔
سول ایوی ایشن حکام کے مطابق پیر کی سہ پہر 3 بجے سے 11 جون شام 6 بجے تک ہوائی اڈے پر صرف سرکاری، فوجی اور انسانی ہمدردی کی بنیاد پر امدادی پروازوں کو اجازت دی جائے گی۔







