فرانس کی جانب سے قطر اور متحدہ عرب امارات کو جدید رافیل لڑاکا طیاروں کی فروخت نے انڈین فضائیہ کے اندر نئی تشویش پیدا کر دی ہے۔ اںڈین میڈیا کے مطابق ان ممالک کے رافیل پروگرام میں پاکستانی اور ترک پائلٹس کی تربیت کا عمل جاری ہے جس سے انڈیا کو خدشہ ہے کہ حساس فضائی ٹیکنالوجی افشا ہو سکتی ہے۔
رپورٹس میں کہا گیا ہے کہ قطر اور امارات نے پاکستانی اور ترک پائلٹس کو رافیل اور میراج طیاروں پر تربیت حاصل کرنے کی اجازت دی ہے۔ اس پیش رفت سے انڈین دفاعی اداروں نے اپنی حکمت عملی پر نظرثانی شروع کر دی ہے۔
یورپی دفاعی تجزیہ کار بابک تغوائی کے مطابق فرانس کی نرم برآمدی پالیسی ان ٹیکنالوجیز کو ان ممالک تک پہنچا رہی ہے جو نیٹو یا انڈیا کے حریف سمجھے جاتے ہیں۔ انہوں نے خبردار کیا کہ اگر یہ تربیت جاری رہی تو انڈیا کے لیے فضائی برتری برقرار رکھنا مشکل ہو سکتا ہے۔ انڈین میڈیا نے فرانس سے اس معاملے پر وضاحت طلب کرنے کا مطالبہ کیا ہے اور کہا ہے کہ یہ پیش رفت خطے میں طاقت کے توازن پر اثر انداز ہو سکتی ہے۔






