جاپان کی وزارتِ داخلہ کے مطابق ایباراکی، چیبا، ٹوکیو، کاناگاوا اور شیزوکا میں 16 لاکھ سے زائد افراد کو نقل مکانی کی ہدایت کی گئی ہے، تاہم حکام کی جانب سے جاری کردہ یہ ہدایات لازمی نہیں ہیں۔
جاپان کے محکمۂ موسمیات نے ٹائیفون دوجوان کے باعث ٹوکیو کے جنوب میں واقع اوشیما اور ایزو جزائر کے بعض علاقوں میں سیلاب اور لینڈ سلائیڈنگ کے خطرے کے پیش نظر لیول فائیو کا ہنگامی انتباہ جاری کیا ہے، جو خطرے کی بلند ترین سطح ہے۔
محکمۂ موسمیات کے مطابق ایزو جزائر کے شمالی حصوں، چیبا، کاناگاوا اور شیزوکا میں لیول فور کا الرٹ نافذ ہے۔
حکام کے مطابق ٹائیفون دوجوان ایزو جزائر سے گزر چکا ہے اور آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران ہونشو کے ساحل کے متوازی شمال مشرق کی جانب بڑھے گا۔
اس وقت طوفان کے مرکز میں ہواؤں کی رفتار 130 کلومیٹر فی گھنٹہ جبکہ جھکڑوں کی رفتار 194 کلومیٹر فی گھنٹہ تک پہنچ رہی ہے۔
محکمۂ موسمیات کے مطابق کانتو کے علاقے میں پیر کے روز شدید اور مسلسل بارش متوقع ہے، جہاں بعض مقامات پر 250 ملی میٹر تک بارش ہوسکتی ہے۔
شدید بارش اور طوفانی ہواؤں کے باعث جاپان کے مختلف علاقوں میں پہلے ہی لینڈ سلائیڈنگ کی اطلاعات سامنے آئی ہیں، جبکہ تقریباً 4 ہزار گھر بجلی سے محروم ہیں۔
ٹائیفون کے باعث جاپان سے روانہ ہونے والی سینکڑوں پروازیں بھی منسوخ کردی گئی ہیں، کیونکہ مختلف علاقوں میں شدید بارش اور خراب موسم کی پیش گوئی کی گئی ہے۔
حکام نے شہریوں کو موسم کی تازہ صورتحال سے باخبر رہنے اور مقامی انتظامیہ کی جانب سے جاری ہونے والی ہدایات پر عمل کرنے کی ہدایت کی ہے۔







