کینیڈین نیوز ایجنسی سی آئی سی کے مطابق اس منصوبے کا اعلان 5 نومبر کو کیا گیا۔ حکام کے مطابق کینیڈا میں پہلے سے موجود دو لاکھ عارضی رہائشیوں کو 2027 کے آخر تک مستقل رہائش دی جائے گی، جبکہ اسی سال 4 لاکھ 22 ہزار نئے مستقل رہائشیوں کو ملک میں داخلے کی اجازت دینے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔

کینیڈا کے سرکاری ادارے امیگریشن، رفیوجیز اینڈ سٹیزن شپ کینیڈا (IRCC) کی ویب سائٹ کے مطابق 2027 سے 2029 تک ہر سال 3 لاکھ 70 ہزار نئے عارضی رہائشیوں کو ملک میں آنے کی اجازت دی جائے گی۔ ان میں 2 لاکھ 20 ہزار غیر ملکی کارکن اور ڈیڑھ لاکھ تک بین الاقوامی طلبہ شامل ہوں گے۔

حکومت کے خصوصی پروگرام کے تحت دو لاکھ افراد کو مستقل رہائش دینے کی گنجائش رکھی گئی ہے، جن میں ایک لاکھ نشستیں ہنرمند کارکنوں کے لیے مختص ہوں گی۔ ان افراد کا انتخاب صوبائی نامزدگی پروگرام (PNP) کے ذریعے کیا جائے گا، جس میں صوبائی اور علاقائی حکومتیں بھی تعاون کریں گی۔

2027 سے 2029 تک جاری رہنے والے اس منصوبے کا مقصد ملک کے امیگریشن نظام کو مستحکم رکھنا اور لیبر مارکیٹ کی ضروریات پوری کرنا ہے۔ حکومت کے مطابق اس پالیسی کے ذریعے امیگریشن کو قابلِ برداشت سطح پر رکھتے ہوئے افرادی قوت کی کمی دور کرنے کی کوشش کی جائے گی۔

پروگرام کے تحت آجروں کو لیبر مارکیٹ امپیکٹ اسیسمنٹ (LMIA) فراہم کرنا ہوگا، جس کے ذریعے یہ تعین کیا جائے گا کہ متعلقہ ملازمت کے لیے کینیڈا کا کوئی مستقل رہائشی دستیاب نہیں ہے۔ اس شرط کا مقصد ہنرمند غیر ملکی کارکنوں کو ترجیح دینا اور افرادی قوت کی کمی پوری کرنا ہے۔

منصوبے میں صوبہ کیوبیک کے علاوہ کینیڈا کے دیگر علاقوں میں فرانسیسی زبان بولنے والے مستقل رہائشیوں کی تعداد بڑھانے کا ہدف بھی مقرر کیا گیا ہے۔ اس کے تحت 2027 میں ان کا تناسب 9.5 فیصد، 2028 میں 10.5 فیصد اور 2029 میں 12 فیصد تک پہنچانے کا منصوبہ ہے۔

کینیڈین وفاقی حکومت کے مطابق اس پالیسی کا مقصد امیگریشن کو مناسب اور قابلِ برداشت سطح پر رکھنا، انسانی ہمدردی سے متعلق وعدے پورے کرنا اور صوبائی و علاقائی حکومتوں کے ساتھ مل کر افرادی قوت کی ضروریات پوری کرنا ہے۔

حکومت نے 2025 میں شروع کیے گئے دو خصوصی پروگراموں کے تحت باقی اہل افراد کو بھی مستقل رہائش دینے کا وعدہ کیا ہے۔ ان پروگراموں کے تحت کینیڈا میں پہلے سے مقیم ایک لاکھ 15 ہزار تک تحفظ کے مستحق افراد اور 33 ہزار کارکنوں کو مستقل رہائش دینے کا منصوبہ بنایا گیا تھا۔