انہوں نے کہا کہ بلیک باکس کی تفصیلات ترکی منتقل کی جائیں گی تاکہ فنی جانچ کے ذریعے حادثے کی وجوہات سامنے لائی جا سکیں۔ ابتدائی جائزوں میں اشارے ملے ہیں کہ طیارے کی عمر، دیکھ بھال میں کمی اور ممکنہ ساختی خرابی حادثے کا باعث بن سکتی ہے۔
ترکی کی وزارتِ دفاع کے مطابق آذربائیجان سے وطن واپس لوٹنے والا C-130 طیارہ جارجیا کے سرحدی علاقے میں گر کر تباہ ہوا، جس میں عملے سمیت 20 اہلکار سوار تھے۔ وزارت نے بتایا کہ تلاش اور بچاؤ کی کارروائیاں جاری ہیں۔
آذربائیجان کے میڈیا پر گردش کرنے والی ویڈیوز میں دکھایا گیا کہ طیارہ فضا میں گھومتے ہوئے زمین پر گرا، جس کے بعد سیاہ دھوئیں کا بڑا بادل اٹھتا دیکھا گیا۔ ایک اور ویڈیو میں حادثے کے مقام پر جلے ہوئے ملبے کو آگ کی لپیٹ میں دکھایا گیا، جبکہ متعدد افراد جائے وقوعہ پر جمع تھے۔
ترک وزارتِ دفاع نے میڈیا سے اپیل کی ہے کہ حادثے کی تصاویر اور ویڈیوز شائع نہ کی جائیں۔
ترک خبر رساں ادارے انادولو کے مطابق صدر ایردوان نے کہا کہ ترکی جارجیائی حکام کے ساتھ مل کر ملبے تک رسائی حاصل کرنے کے لیے کام کر رہا ہے۔
آذربائیجان کے صدر الہام علییف نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر ترک صدر سے تعزیت کا اظہار کیا۔
ترک وزیرِ خارجہ حقان فدان نے جارجیا کی وزیرِ خارجہ ماکا بوچورِشویلی سے رابطہ کر کے امدادی کارروائیوں پر تبادلہ خیال کیا۔
جارجیا کی وزارتِ داخلہ نے بتایا کہ طیارہ سگناغی کے علاقے میں، آذربائیجان کی سرحد سے تقریباً پانچ کلومیٹر کے فاصلے پر گرا۔ جارجیائی فضائی ٹریفک کنٹرول ایجنسی کے مطابق طیارہ جارجیا کی فضائی حدود میں داخل ہونے کے چند منٹ بعد ریڈار سے غائب ہو گیا اور کسی ہنگامی سگنل کے بغیر تباہ ہوا، جس کے بعد فوری طور پر تلاش اور بچاؤ کا عمل شروع کیا گیا۔







