قطر کے نشریاتی ادارے الجزیرہ کے مطابق حماس نے بتایا کہ تین اسرائیلی قیدیوں کی لاشیں بین الاقوامی ادارہ برائے ریڈ کراس کے ذریعے اسرائیل کے حوالے کی گئی ہیں۔ اسرائیلی وزیر اعظم بینجمن نیتن یاہو کے دفتر نے ان لاشوں کے وصول ہونے کی تصدیق کی ہے۔
اسرائیلی اخبار ٹائمز آف اسرائیل کے مطابق ان باقیات کا معائنہ تل ابیب کے ابو کبیر فرانزک انسٹیٹیوٹ میں کیا جائے گا، اور شناخت کا عمل دو دن تک جاری رہ سکتا ہے۔
طے شدہ معاہدے کے مطابق اسرائیل کو ایک اسرائیلی قیدی کی لاش کے بدلے 15 فلسطینی قیدیوں کی لاشیں واپس کرنی ہیں، اور مجموعی طور پر 45 فلسطینی قیدیوں کی باقیات حوالے کی جائیں گی۔
ذرائع کے مطابق اسرائیلی افواج کی کارروائیاں ان علاقوں میں اب بھی جاری ہیں، چاہے وہ بنی سہیلہ ہو جہاں اتوار کو تین اسرائیلی قیدیوں کی لاشیں ملی تھیں، یا غزہ شہر کے مشرق میں واقع الشجاعیہ کا علاقہ، جہاں مزید لاشوں کی تلاش جاری ہے۔
امریکی حکام اور ماہرین کا کہنا ہے کہ باقی آٹھ لاشوں کی تلاش زیادہ مشکل ثابت ہو سکتی ہے۔ ایک تجزیہ کار نے کہا کہ غزہ میں سینکڑوں ٹن ملبہ موجود ہے، اور یہ واضح نہیں کہ حماس تمام لاشوں کو ڈھونڈ پائے گی یا نہیں۔
BREAKING: Israel confirmed that Hamas handed over the bodies of three deceased hostages through the Red Cross. The remains, recovered by IDF and Shin Bet forces, will be honored in a military ceremony before identification and return to their families. pic.twitter.com/ERiEjyB4Is
— Fox News (@FoxNews) November 2, 2025
انہوں نے مزید کہا کہ اب یہ صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی انتظامیہ پر منحصر ہے کہ وہ جنگ بندی کے عمل کو کس طرح آگے بڑھاتی ہے، کیونکہ اسرائیل نے جنگ بندی کے اگلے مرحلے کی پیش رفت کو تمام اسرائیلی قیدیوں کی لاشوں کی واپسی سے مشروط کر دیا ہے۔
دوسری جانب اسرائیلی فوج نے ایک اور فلسطینی شہری کو شہید کر دیا۔ طبی ذرائع کے مطابق فلسطینی شہری کو اتوار کے روز غزہ شہر کے علاقے الشجاعیہ میں اسرائیلی ڈرون حملے میں نشانہ بنایا گیا، جہاں اسرائیلی فوج صبح سے عمارتوں کو مسمار کرنے کی کارروائیاں کر رہی تھی۔
اسرائیلی فوج کا کہنا ہے کہ شہید ہونے والا شخص جنگ بندی کی حد فاصل کے طور پر مقرر ’زرد لکیر‘ عبور کر کے ان کے اہلکاروں کے قریب پہنچ گیا تھا، تاہم اس الزام کے ثبوت فراہم نہیں کیے گئے۔
غزہ کی وزارت صحت کے مطابق جنگ بندی کے آغاز سے اب تک اسرائیلی افواج کم از کم 236 فلسطینیوں کو شہید اور 600 سے زائد کو زخمی کر چکی ہیں۔ وزارت نے بتایا کہ تباہ شدہ عمارتوں کے ملبے سے مزید 502 لاشیں برآمد ہوئی ہیں، جس کے بعد اسرائیلی جنگ میں مجموعی اموات کی تعداد 68 ہزار 856 تک پہنچ گئی ہے۔






