حادثے کے نتیجے میں طیارے میں سوار تمام پانچ افراد جان سے گئے۔

بھارتی ڈائریکٹوریٹ جنرل آف سول ایوی ایشن نے تصدیق کی ہے کہ حادثہ ہنگامی لینڈنگ کی کوشش کے دوران پیش آیا۔

حکام کے مطابق ہلاک ہونے والوں میں دو پائلٹس اور دو دیگر مسافر شامل تھے، جن میں ایک فلائٹ اٹینڈنٹ اور اجیت پوار کا ذاتی سکیورٹی افسر بھی شامل تھا۔

جائے حادثہ سے سامنے آنے والی ویڈیوز اور تصاویر میں طیارے کے شدید طور پر تباہ شدہ حصے دکھائی دیتے ہیں۔

حادثے کے بعد پولیس، ریسکیو ادارے اور دیگر متعلقہ حکام فوری طور پر موقع پر پہنچ گئے تھے۔

مقامی افراد کی بڑی تعداد بھی جائے حادثہ پر موجود تھی، جہاں تباہ شدہ طیارے سے دھواں اٹھتا دیکھا گیا۔

یہ حادثہ صبح تقریباً 9 بجے پیش آیا، جب لیئر جیٹ 45 طیارہ ممبئی سے روانگی کے تقریباً ایک گھنٹے بعد لینڈنگ کے دوران قابو سے باہر ہو گیا۔

اجیت پوار ضلع پریشد اور پنچایت سمیتی کے جاری انتخابات کے دوران ممبئی سے بارامتی میں ایک عوامی اجتماع میں شرکت کے لیے جا رہے تھے۔

واضح رہے کہ اکتوبر 2024 میں بھی ان کی جماعت کے رہنما سنیل تٹکرے کو لینے کے لیے بھیجا گیا ایک ہیلی کاپٹر پونے میں حادثے کا شکار ہو گیا تھا۔

ماضی میں خراب موسمی حالات کے باعث اس خطے میں ہنگامی لینڈنگ کے متعدد واقعات پیش آ چکے ہیں۔